پاکستان

کراچی میں ہونڈا کی نئی موٹرسائیکل عدم دستیاب

اٹلس ہونڈا لمیٹڈ طلب کے باجود حال ہی میں متعارف کروائی گئی ہونڈا سی بی 150 ایف کی ترسیل نہیں کر رہی ہے، ڈیلرز

کراچی: موٹر سائیکل بنانے والی کمپنی اٹلس ہونڈا لمیٹڈ (اے ایچ ایل) کی جانب سے حال ہی میں متعارف کرائی جانے والی ہونڈا سی بی 150 ایف کراچی میں کمپنی کے مجاز ڈیلرز کے شوروم میں بھی دستیاب نہیں۔

کراچی میں کچھ ڈیلرز کے پاس صرف ایک ہی موٹر سائیکل موجود ہے، جو ڈسپلے پر لگی ہوئی ہے اور ڈیلرز خریداروں کو موٹر سائیکل کی پیشگی بکنگ کرنے کا کہہ رہے ہیں جبکہ اس کی فراہمی 45 روز میں کی جارہی ہے۔

اس دو پہیوں والی سواری کی قیمت 1 لاکھ 59 ہزار پاکستانی روپے ہے، تاہم کچھ ڈیلرز خریداروں سے 1 لاکھ 80 ہزار روپے ادا کرنے پر اصرار کر رہے ہیں اور ساتھ ہی خریداروں کو خبردار کر رہے ہیں کہ کمپنی اس موٹر سائیکل کی قیمت میں اضافہ کر سکتی ہے۔

مزید پڑھیں: یاماہا کی نئی موٹر سائیکل : آرام دہ ، خوبصورت اور خاص

کراچی میں موجود ایک موٹر سائیکل ڈیلر نے ڈان کو بتایا کہ اٹلس ہونڈا لمیٹڈ (اے ایچ ایل) رواں ماہ اپنی نئی موٹر سائیکل متعارف کرانے کے بعد اس سواری کی طلب کے باجود ترسیل نہیں کر رہی۔

ڈیلر نے مزید بتایا کہ اٹلس ہونڈا نے کراچی میں موجود شو رومز کو صرف 2 سے 3 موٹر سائیکلیں ہی فراہم کی ہیں جبکہ کمپنی اب ڈیلرز سے اس موٹر سائیکل کی پیشگی بکنگ کرنے سے منع کر رہی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ گذشتہ 2 برس سے ہونڈا کی موٹر سائیکلیں سی جی 125 اور سی ڈی 70 پیداوار میں اضافے کے بجائے ترسیل میں کمی اور قیمت میں اضافے کی وجہ سے موضوع بحث رہی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: ہنڈا موٹر سائیکل کی ریکارڈ فروخت

ان کا ماننا ہے کہ یا تو ہونڈا کمپنی اس موٹر سائیکل کی طلب کو پورا کرنے میں ناکام ہے یا پھر ڈیلرز موقع پر موٹر سائیکل کی فراہمی پر بھاری معاوضہ وصول کرنے کے لیے مصنوعی قلت پیدا کر رہے ہیں جبکہ اٹلس ہونڈا نے شیخوپورہ میں دوسری پیداواری لائن کی تکمیل کے بعد موٹر سائیکل کی پیداوار کو 7 لاکھ 50 ہزار یونٹ سے بڑھا کر 13 لاکھ 50 ہزار یونٹ تک کر دیا ہے۔

پاکستان آٹو موٹیو مینوفیکچرز ایسوسی ایشن کے وضع کردہ اعداد و شمار کے مطابق ہونڈا موٹر سائیکلوں کی مجموعی پیدا وار سال 17-2016 میں 7 لاکھ 98 ہزار 6 سو 40 یونٹ تک بڑھ گئی ہے جبکہ یہی پیداوار 16-2015 میں 6 لاکھ 74 ہزار 8 سو 51 یونٹ تھی۔

واضح رہے کہ رواں ماہ اٹلس ہونڈا نے اپنی نئی 150 سی سی موٹرسائیکل ہونڈا سی بی 150 ایف پاکستان میں فروخت کے لیے پیش کی تھی، اس موقع پر کمپنی کی جانب سے دعویٰ کیا گیا تھا کہ اس نئی موٹر سائیکل کے ڈیزائن کو بہتر بنایا گیا ہے جبکہ متعدد سیکیورٹی فیچرز اور دیگر چیزوں کا خیال رکھا ہے جو اس کی کارکردگی کو بہتر بنانے میں مدد دیں گے۔

یہ خبر 17 مئی 2017 کے ڈان اخبار میں شائع ہوئی