صحت

ٹماٹر معدے کے کینسر سے بچانے کے لیے مفید

ٹماٹر میں موجود اجزاءمعدے کے کینسر کے خلیات کو پھیلنے سے روکتے ہیں، تحقیق

ٹماٹر کو دنیا بھر میں استعمال کیا جاتا ہے اور متعدد کھانے اس کے بغیر ادھورے ہوتے ہیں مگر یہ جان لیوا کینسر سے بھی بچانے میں مددگار ثابت ہوتا ہے۔

یہ بات اٹلی میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی۔

Oncologyریسرچ سینٹر آف Mercogliano کی تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ ٹماٹر معدے کینسر سے بچانے میں مددگار ثابت ہوتا ہے۔

تحقیق کے مطابق ٹماٹر میں موجود اجزاءمعدے کے کینسر کے خلیات کو پھیلنے سے روکتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : ٹماٹر استعمال کرنے کے 4 فوائد

تحقیق کے دوران ٹماٹر کے تمام اجزاءکا معدے کے کینسر کے خلیات پر ردعمل کے حوالے سے جائزہ لیا گیا۔

محققین کا کہنا تھا کہ ٹماٹر کے مخصوص اجزاءجیسے لائیکوپین کی بجائے اس کے تمام اجزاءمعدے کے کینسر سے بچاﺅ میں مدد دیتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نتائج سے یہ عندیہ ملتا ہے کہ ٹماٹر کے اجزاءسے نہ صرف کینسر کی روک تھام میں مدد ملتی ہے بلکہ یہ روایتی تھراپی کے لیے بھی مددگار ثابت ہوتے ہیں۔

معدے کا کینسر دنیا بھر میں سرطان کی چوتھی سب سے عام قسم ہے جو کہ عام طور پر غذائی عادات کا نتیجہ ہوتی ہے۔

یہ تحقیق طبی جریدے جرنل آف سیلولر فزیولوجی میں شائع ہوئی۔

اسی طرح گزشتہ سال ایک تحقیق میں یہ بات سامنے آئی تھی کہ ٹماٹر میں موجود لائیکو پین پراسٹیٹ کینسر کے خلاف موثر ثابت ہوتا ہے۔

اس سے قبل ایک امریکی تحقیق میں یہ بات سامنے آئی تھی کہ روزانہ ناشتے میں ٹماٹر کھانا جسمانی وزن میں کمی لانے کے لیے معاون ثابت ہوتا ہے۔

مزید پڑھیں : ٹماٹر کھائیں وزن گھٹائیں

تحقیق میں بتایا کہ ناشتے میں روزانہ کچے ٹماٹروں کا استعمال وزن میں حیرت انگیز کمی لاتا ہے۔