صحت

پرانی بوتل کو پانی پینے کیلئے استعمال کرنا چاہئے؟

پلاسٹک کی ڈسپوزایبل پانی کی بوتل ایک بار سے زیادہ استعمال کرنا آپ کے لیے نقصان دہ ثابت ہوسکتا ہے۔

کیا آپ پانی پینے کے لیے ایک ہی پلاسٹک کی بوتل روزانہ استعمال کرتے ہیں ؟

اگر ہاں تو اچھی بات تو یہ ہے کہ جسم میں پانی کی سطح برقرار رکھنا صحت مند رکھنے کے لیے ضروری ہے مگر کیا آپ یہ بتائیں گے کہ آخری بار اس بوتل کو کب دھویا تھا ؟ کیا آپ کو لگتا ہے کہ اسے تو صرف پانی سے بھرا جاتا ہے اور وہ گندی نہیں ہوتی؟

درحقیقت یہ پلاسٹک کی ڈسپوزایبل پانی کی بوتل ایک بار سے زیادہ استعمال کرنا آپ کے لیے نقصان دہ ثابت ہوسکتا ہے۔

مزید پڑھیں : روزانہ 8 گلاس پانی پینا ضروری؟

یہ بات ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی۔

تحقیق کے مطابق پانی کی بوتلیں بنانے والی کمپنیاں اپنے صارفین کو انہیں دوبار ہ استعمال کرنے کا مشورہ نہیں دیتیں کیونکہ روزمرہ کے معمولات میں پلاسٹک میں خرابیاں آتی ہیں جیسے پتلا ہونا یا دراڑیں۔

تحقیق میں بتایا گیا کہ ان دراڑوں میں بیکٹریا اکھٹا ہوجاتے ہیں جو صحت کے لیے خطرہ بن جاتے ہیں۔

تحقیق میں کہا گیا کہ پلاسٹک کی بوتلوں کو دوبارہ استعمال کرنا پانی میں بیکٹریا کی ملاوٹ کا باعث بنتا ہے اور اس سے بچنا اسی وقت ممکن ہے جب انہیں دھونا معمول بنایا جائے وہ بھی نیم گرم پانی میں کسی اچھے ڈیٹرجنٹ کے ساتھ۔

یہ بھی پڑھیں : زیادہ پانی پینا جسم پر کیا اثرات مرتب کرتا ہے؟

اور اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ استعمال سے پہلے اس میں کسی قسم کی دراڑیں تو نہیں۔

تحقیق میں انتباہ کیا گیا کہ بیکٹریا کے ساتھ ساتھ پلاسٹک میں موجود کیمیکلز بھی پانی میں شامل ہونے کا خطرہ ہوتا ہے جو مختلف امراض کا خطرہ بڑھاتے ہیں۔

محققین کا کہنا تھا کہ اس طرح کی بوتلوں کو نہ دھویا جائے تو بیکٹریا کی افزائش بہت تیزی سے ہوتی ہے اور وہ عام طور پر بوتل کے اوپری حصے میں ہوتے ہیں جہاں سے وہ کسی فرد کے منہ میں چلے جاتے ہیں جو کہ فوڈ پوائزننگ، الٹیاں، ہیضے یا دیگر مسائل کا باعث بنتے ہیں۔

یہ تحقیق طبی جریدے جرنل پریکٹیکل Gastroenterology میں شائع ہوئی۔