پاکستان

سندھ: غیرت کے نام پر دو بچوں کی والدہ کا قتل

پولیس کے مطابق ایک شخص نے اپنی اہلیہ کو مبینہ طور پر غیرت کے نام پر قتل کردیا، ملزم کو بعد ازاں گرفتار کرلیا گیا۔

صوبہ سندھ کے ضلع عمر کوٹ میں ایک شخص نے اپنی اہلیہ اور دو بچوں کی والدہ کو مبینہ طور پر غیرت کے نام پر قتل کردیا۔

کنری تھانے کے ہیڈ مہرر عمر علی رحیمو نے ڈان نیوز کو بتایا کہ عمر کوٹ کے علاقے کنری ٹاؤن کے رہائشی غلام ماچی نے مبینہ طور پر اپنی 30 سالہ اہلیہ سیانی ماچی پر کلہاڑی کے وار کیے۔

ان کا کہنا تھا کہ ملزم نے خاتون کے کردار پر شک کیا تھا اور بعد ازاں اسے قتل کردیا۔

مزید پڑھیں: خیبر پختونخوا میں غیرت کے نام پر ایک اور قتل

پولیس افسر کا کہنا تھا کہ واقعے کے بعد پولیس نے غلام ماچی کو گرفتار کرلیا جس نے ابتدائی تفتیش کے دوران جرم کا اعتراف کیا۔

پولیس کے مطابق واقعے کی ایف آئی آر درج کرکے ملزم سے تفتیش کا آغاز کردیا گیا ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ مقتولہ کی لاش کو پوسٹ مارٹم کے بعد تدفین کیلئے والدین کے حوالے کردیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: شانگلہ: 'غیرت کے نام' پر بھائی کے ہاتھوں بہن قتل

خیال رہے کہ پاکستان میں ہر سال عزت اور غیرت کے نام پر ایک ہزار سے زائد خواتین کو نشانہ بنایا جاتا ہے اور ایسا اکثر خاندان کے افراد کی جانب سے ہوتا ہے۔

عورت فاؤنڈیشن کی جانب سے جاری ہونے والی سالانہ رپورٹ میں اس بات کا انکشاف کیا گیا کہ 2016 میں خواتین کے خلاف تشدد کے تقریباً 7،852 کیسز ریکارڈ کیے گئے۔

عورت فاؤنڈیشن سے منسلک صائمہ منیر کا کہنا تھا کہ گذشتہ برس غیرت کے نام پر قتل کے واقعات میں 70 فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا۔

مزید پڑھیں: کندھ کوٹ : غیرت کے نام پر 2 افراد قتل

گذشتہ برس جولائی میں ہی فیس بک ویڈیوز کے ذریعے شہرت حاصل کرنے والی ماڈل قندیل بلوچ کو بھی ان کے بھائی نے 'غیرت کے نام پر قتل' کردیا تھا۔