پاکستان

شیخ رشید کا تحریک انصاف کے ہمراہ انتخابی مہم چلانے کا اعلان

عمران خان کےساتھ ملکر این اے55 اور 56 سے الیکشن لڑوں گا،ایسی کامیابی ملے گی کہ لوگ دانتوں میں انگلیاں دبالیں گے،شیخ رشید

راولپنڈی: عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کے ساتھ ملکر قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 55 اور 56 سے الیکشن لڑنے کا اعلان کردیا۔

شیخ رشید کا دعویٰ ہے کہ آئندہ انتخابات میں انہیں ایسی تاریخی کامیابی ملے گی کہ لوگ دانتوں میں انگلیاں دبالیں گے۔

عوامی مسلم لیگ اور تحریک انصاف نے راولپنڈی میں عام انتخابات کے لیے مشترکہ مہم کا آغاز کر دیا۔

راولپنڈی کے حلقہ این اے 56 یونین کونسل 43 میں ناشتے پر کارنر میٹنگ کا اہتمام کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی سے نالاں شیخ رشید، طاہر القادری کا اتحاد

کارنر میٹنگ میں سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید اور پی ٹی آئی کے ارکان صوبائی اسمبلی نے شرکت کی۔

شیخ رشید نے کارنر میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’ 7 مرتبہ وزیر بن چکا ہوں مجھ پر کوئی الزام نہیں‘۔

انہوں نے کہا کہ سازش کے تحت نواز شریف فوج کو بدنام کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، جے آئی ٹی سے پانچوں کا جنازہ نکلے گا۔

شیخ رشید نے این اے 56 کا الیکشن معرکہ اپنی ماں کے نام کردیا اور اپنی ماں کی قبر پر دعا کے ساتھ انتخابی مہم کااعلان کیا۔

مزید پڑھیں: شیخ رشید کی بریانی سے محبت ہر چیز پر حاوی

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ وہ جو کچھ بھی ہیں اللہ کے بعد اپنی ماں کی دعاوں کے وجہ سے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ این اے 55اور این اے 56میں ماں کی دعاؤں سے تاریخی کامیابی ملے گی، اتنی تاریخی کامیابی ملے گی کہ لوگ دانتوں میں انگلیاں رکھ لیں گے۔

تقریب کے موقع پر شیخ رشید نے کارکنوں کے ساتھ ناشتہ بھی کیا۔