پاکستان

کراچی کے ساحل پر 4 نوجوان ڈوب گئے

ڈوبنے والے افراد نو عمر نوجوان ہیں جن کاتعلق کراچی کے علاقے بفر زون سے ہے:ایس ایچ او ماڑی پور محمد اقبال

کراچی: ساحل سمندر پر تفریح کے لیے جانے والے 4 افراد نہاتے ہوئے سمندر میں ڈوب کر ہلاک ہوگئے۔

پولیس کے مطابق ڈوبنے والے افراد کا تعلق کراچی کے علاقے بفر زون سے ہے جن کی شناخت ربا غوث، زبیر مجید، مثال مہناز اور دانش کے نام سے ہوئی ہے۔

اسٹیشن ہاؤس آفیسر (ایس ایچ او) ماڑی پور محمد اقبال کا کہنا ہے کہ یہ افراد اتوار کی صبح کراچی کے ساحلی تفریحی پوائنٹ پیراڈائز پر سمندر میں نہاتے ہوئے ڈوب گئے۔

پولیس کا یہ بھی کہنا ہے کہ ریسکیو اہلکاروں نے چاروں افراد کی لاشوں کو سمندر سے تلاش کرکے نکال لیا۔

یہ بھی دیکھیں: کراچی میں گرمی بڑھتے ہی شہریوں نے ساحل کا رخ کر لیا

پولیس نے بتایا کہ ساحل پر ڈوبنے و الے شخص دانش کی عمر 24 سال جبکہ باقی 3 نوجوانوں کی عمریں 15 سے 18 سال کے درمیان ہیں۔

واضح رہے کہ کراچی میں گرمی کی شدت بڑھتے ہی کراچی کے شہری سیر و تفریح کے لیے ساحل سمندر کا رخ کرتے ہیں جبکہ منچلے ساحل سمندر پر نہاتے ہوئے اپنی ذرا سی کوتاہی اور لا پرواہی کی بدولت حادثات کا شکار ہو کر اپنی جان گںوا دیتے ہیں۔

یاد رہے کہ اگست 2014 میں عید کے دوسرے روز کراچی کے ساحلی علاقے سی ویو پر سمندر میں نہاتے ہوئے 41 افراد سمندر کی نذر ہوگئے تھے۔

اس کے علاوہ کراچی کی انتظامیہ وقتاََ فوقتاََ سمندر میں ممکنہ خطرے کے پیش نظر ساحل پر دفعہ 144 نافذ کرتی رہتی ہے۔