’ایک خطہ ایک سڑک منصوبے کیلئے چین کے ساتھ ہیں‘
بیجنگ : وزیراعظم نواز شریف کے مطابق پاکستان چین کے سب سے بڑے تجارتی منصوبے 'ون بیلٹ ون روڈ' کے فروغ کے لیے چین کے ساتھ کھڑا ہے جبکہ پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) اس منصوبے کا اہم ترین جز ہے۔
ون بیلٹ ون روڈ فورم میں شرکت کے لیے بیجنگ پہنچنے والے وزیراعظم نواز شریف نے چینی صدر شی جن پنگ سے ملاقات کی۔
ریڈیو پاکستان کی رپورٹ کے مطابق وزیراعظم کی گریٹ ہال چائنا آمد پر چینی صدر نے ان کا خیر مقدم کیا۔
وزیر اعظم محمد نواز شریف اور چینی صدر کے درمیان ملاقات میں چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ بھی شریک ہوئے۔
چینی صدر نے پاکستان کے ساتھ کثیر الجہت تعاون اور تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے دو طرفہ تعلقات پر اطمینان کا اظہار کیا۔
چینی صدر شی جن پنگ کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک سی پیک سمیت دیگر علاقائی منصوبوں کی مدد سے اپنے تعلقات کو مزید مستحکم کرسکتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: بیلٹ اینڈ روڈ کانفرنس میں شرکت کیلئے وزیراعظم کا دورہ چین
وزیر اعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ 'سی پیک کو عملی شکل دینے پر پاکستان چین کے عزم کا معترف ہے جبکہ پاکستانی حکومت اقتصادی راہداری منصوبے پر عملدرآمد کے لیے ہر ممکن اقدامات کررہی ہے'۔
اس موقع پر وزیر اعظم نے گوادر میں ترقیاتی منصوبوں کی رفتار بڑھانے پر بھی زور دیا۔