پاکستان

کوہستان:دریائے سندھ میں چیئر لفٹ گرنے سے 4 افراد ہلاک

چیئر لفٹ رسی ٹوٹنے کے باعث دریا میں گری،ڈوبنے والے افراد کی لاشیں نکالنے کی کوشش جاری ہے، ڈی پی او

کوہستان کے علاقے ثمر نللٰہ میں رسی ٹوٹنے کے باعث چیئر لفٹ دریائے سندھ میں جاگری جس کے نتیجے میں 4 افراد ڈوب گئے۔

ڈی پی او عبدالعزیز آفریدی نے واقعے کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ چاروں افراد گلگت بلتستان کے علاقے تَنگیر میں نماز جمعہ کی ادائیگی کے بعد اپنے گھروں کو جارہے تھے، لیکن آدھے راستے میں چیئر لفٹ کی رسی ٹوٹ گئی جس کے باعث وہ دریا میں جاگری۔

عبدالعزیز آفریدی نے کہا کہ ڈوبنے والے افراد کی تلاش جاری ہے، تاہم دریا میں ان دنوں پانی کا بہاؤ تیز ہونے کے باعث لاشیں فوری طور پر نہیں نکالی جاسکیں۔

پولیس کا کہنا تھا کہ چاروں افراد کا تعلق وادی تنگیر سے تھا۔

ہلاک ہونے والوں کی شناخت شیر اعظم، راج گل، روپ خان اور آسل خان کے ناموں سے ہوئی۔

اَپر کوہستان کے ڈپٹی کمشنر آصف خان نے ڈان کو بتایا کہ ریسکیو ٹیمیں ڈوبنے والے افراد کی لاشیں نکالنے کی کوششیں کر رہی ہیں۔