پاکستان

سپریم کورٹ کا پی ایس 114 کراچی میں دوبارہ الیکشن کا حکم

مسلم لیگ (ن) کے امیدوارعرفان اللہ مروت نے 2013 کے عام انتخابات میں اس حلقےمیں کامیابی حاصل کی تھی۔

سپریم کورٹ نے صوبائی اسمبلی کے حلقے پی ایس 114 کراچی کے انتخابات پر الیکشن ٹریبیونل کے فیصلے کو برقرار رکھتے ہوئے حلقے میں دوبارہ انتخاب کا حکم دے دیا۔

چیف جسٹس کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے تین رکنی بنچ نے عرفان اللہ مروت کی جانب سے پی ایس 114 محمود آباد میں دوبارہ انتخاب کے حوالے سے الیکشن ٹریبیونل کے فیصلے کے خلاف اپیل پر فیصلہ سنایا۔

سپریم کورٹ کے جسٹس اعجازالحسن نے فیصلہ پڑھ کر سنایا۔

خیال رہے کہ پی ایس 114 سے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے امیدوار عرفان اللہ مروت نے 2013 کے عام انتخابات میں کامیابی حاصل کی تھی۔

متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے عبدالرؤف صدیقی اس انتخاب میں دوسرے نمبر پر رہے تھے، بعدازاں انھوں نے عرفان اللہ مروت کی کامیابی کو الیکشن ٹریبونل میں چیلنج کردیا تھا۔

الیکشن ٹریبونل نے 2014 میں پی ایس 114 کے انتخاب کو کالعدم قرار دیتے ہوئے نئے انتخاب کا حکم جاری کیا تھا۔

بعدازاں عرفان اللہ مروت نے ٹریبونل کے فیصلے کو سپریم کورٹ میں چیلنج کیا تھا۔


یہ خبر 12 مئی 2017 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی