پاکستان

عمران-جہانگیر نااہلی: الیکشن کمیشن میں سماعت5 جون تک ملتوی

لیگی رہنماؤں طلال چوہدری،محمد خان ڈاہا نے عمران خان،جہانگیر ترین کی نااہلی کیلئےالیکشن کمیشن میں درخواست دائرکررکھی ہے۔

اسلام آباد:الیکشن کمیشن نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان اور سیکریٹری جنرل جہانگیر ترین کی نااہلی کے لیے حکمران جماعت مسلم لیگ (ن) کے ارکان اسمبلی کی درخواستوں پر سماعت 5 جون تک ملتوی کردی۔

واضح رہے کہ لیگی رہنما طلال چوہدری کی جانب سے عمران خان کے خلاف دائر ریفرنس میں ان کی آف شور کمپنی، بیرون ملک جائیداد اور آمدنی کا ذکر کرتے ہوئے کہا گیا تھا کہ پی ٹی آئی چیئرمین نے الیکشن کمیشن کو جمع کرائی جانے والی اثاثوں کی تفصیلات میں بنی گالہ میں اپنے گھر کے حوالے سے غلط بیانی کی اور اپنی ایک سرمایہ کاری سے ای سی پی کو آگاہ نہیں کیا۔

دوسری جانب جہانگیر ترین کے خلاف مسلم لیگ (ن) کے رہنما محمد خان ڈاہا کی جانب سے دائر ریفرنس میں الزام عائد کیا گیا تھا کہ سابق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف کے دور میں بطور وفاقی وزیر انہوں نے زرعی ترقیاتی بینک لمیٹڈ سے ٹنڈلیاں والا شوگر ملز کے نام پر 10 کروڑ 10 لاکھ روپے کا قرض لیا جو انہوں نے 2005 میں معاف کرالیا۔

مزید پڑھیں: 'عمران خان، جہانگیر ترین کے خلاف نااہلی ریفرنس مسترد'

لیگی رہنماؤں کی جانب سے عمران خان اور جہانگیر ترین کی نااہلی کے لیے دائر درخواستوں کی سماعت شروع ہوئی تو چیف الیکشن کمشنر جسٹس (ر) سردار رضا نے درخواست گزاروں کے وکیل اکرم شیخ سے کہا کہ سپریم کورٹ میں اسی نوعیت کی درخواستیں زیرسماعت ہیں اور الیکشن کمیشن اس سے قبل سپریم کورٹ میں معاملہ زیر سماعت ہونے کے باعث کچھ پٹیشنز غیرمعینہ مدت تک ملتوی کرچکا ہے۔

تاہم اکرم شیخ نے استدعا کی کہ ان درخواستوں کو غیر معینہ مدت تک ملتوی نہ کیا جائے، ساتھ ہی انھوں نے بتایا کہ وہ رمضان میں عمرے کی ادائیگی کا ارادہ رکھتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: عمران-جہانگیر نااہلی ریفرنس: 'الیکشن کمیشن کا فیصلہ جزوی انصاف'

بعدازاں الیکشن کمیشن نے درخواستوں کی سماعت 5 جون تک ملتوی کردی۔

تاہم الیکشن کمیشن کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے لیگی رہنما دانیال عزیز اس حوالے سے نالاں نظر آئے، ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نواز شریف کے ساتھ ہونے والے امتیازی سلوک کے حوالے سے جلد درخواست دائر کی جائے گی۔

دانیال عزیز نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی پارٹی فنڈنگ کیس میں نہ صرف عمران خان بلکہ ان کی جماعت ہی نااہل ہوسکتی ہے۔