اپنی سی وی میں یہ غلطیاں کبھی مت کریں
ویسے تو کہا جاتا ہے کہ پاکستان میں ملازمت کا حصول سفارش یا رشوت کے بغیر ممکن نہیں ہوسکتا ہے صحیح بھی ہو مگر نجی کمپنیوں میں اکثر اہلیت کی بنیاد پر ہی کسی فرد کو بھرتی کیا جاتا ہے۔
اور اگر بات اہلیت کی ہو تو سب سے پہلی چیز ملازمت کے کسی امیدوار کو فائدہ پہنچاتی ہے وہ اس کی درخواست یا سی وی ہوتی ہے جو کمپنی کی انتظامیہ کے سامنے پہلا تاثر قائم کرتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : دفتر میں یہ 6 باتیں ہرگز نہ کریں
تو اگر آپ اس ابتدائی آزمائش میں کامیاب ہونا چاہتے ہیں تو آپ ممکن حد تک بہترین سی وی کو ہی تیار کرنا چاہئے۔
اس حوالے سے مختلف ماہرین کسی بہترین سی وی میں متعدد باتوں کو شامل نہ کرنے کا مشورہ دیتے ہیں جو درج ذیل ہیں۔
یہ بھی مددگار ثابت ہوسکتا ہے : فارغ وقت کیسے گزاریں؟
مقصد (objective)
اگر آپ کسی جگہ درخواست دیتے ہیں تو یہ واضح ہے کہ آپ ملازمت کے خواہشمند ہیں تو اس معروضی ابتدائیے کی ضرورت نہیں، تاہم اگر آپ کسی شعبے سے نکل کر بالکل مختلف فیلڈ کا حصہ بننا چارہ ہو تو یہ مختصر سمری ضرور شامل کرسکتے ہیں۔
غیر متعلقہ ملازمت کا تجربہ
ہوسکتا ہے آپ اسکول میں پڑھاتے رہے ہو یا کسی جگہ انتظامی عہدے پر کام کرچکے ہوں مگر کسی مختلف شعبے میں ملازمت کے حصول کے دوران اس قسم کے ماضی کے دفتری تجربے کو نہ لکھنا ہی زیادہ بہتر ہوتا ہے کیونکہ وہ غیرمتعلقہ نظر آتا ہے۔ اس چیز کو اسی وقت شامل کیا جانا چاہئے جب یہ واقعی جس پوسٹ کے لیے درخواست دے رہے ہو، اس کے لیے اضافی صلاحیت کا اظہار کرتی ہو۔
ذاتی معلومات
اپنی ازدواجی حیثیت، مذہبی ترجیح وغیرہ کو سی وی کا حصہ نہیں بنانا چاہئے۔ یہ ماضی میں تو ایک اہم عنصر تھا مگر موجودہ عہد میں انہیں شامل کرنے کی ضرورت نہیں ہوتی۔
مزید پڑھیں : ڈگری تو ہے مگر ملازمت نہیں ملتی!
آپ کے مشغلے
اس چیز کی کوئی پروا نہیں کرتا، اگر وہ آپ کی ملازمت سے متعلق نہیں جس کے لیے درخواست دے رہے تو اپنے مشغلوں کا ذکر کرنا جگہ اور اس کمپنی کے وقت کے ضیاع سے زیادہ کچھ نہیں۔
سفید جھوٹ
دو ہزار ہائرنگ منیجرز میں ہونے والے سروے میں سی وی میں سب سے بڑی غلطیوں کے بارے میں سوال کیا گیا تو سفید یا واضح جھوٹ سب سے اوپر رہے۔ ایسے جھوٹ جن کو پڑھ کر ہی اندازہ ہوجائے کہ ایسا ہو نہیں سکتا وہ اس امیدوار کا تاثر منفی پیش کرتے ہیں اور انہیں لگتا ہے کہ وہ اس ملازمت کے لیے سوفیصد حد تک نااہل ہے۔ امیدواروں کو ایسی ہی صلاحیتوں کا ذکر کرنا چاہئے جو وہ کرسکتے ہو نہ کہ ایسی چیزیں بتائیں جو ان میں ہو ہی نہیں۔
آپ کی عمر
کیرئیر ماہرین کے مطابق اگر آپ کسی پوزیشن پر اپنی عمر کی وجہ سے امتیازی سلوک سے بچنا چاہتے ہیں تو سی وی میں ڈگریوں کی تاریخ کو ہٹا دیں۔
بہت زیادہ ٹیکسٹ
اگر تو آپ ایک ہی صفحے میں سب کچھ چھوٹے فونٹ کے ساتھ فٹ کردیتے ہیں تو یہ ماہرین کی نظر میں ایک ' بے مثال ناکامی' ہے، ان کا کہنا ہے کہ سی وی کے جملوں کے درمیان اسپیس ہونا چاہئے تاکہ کمپنی اسے صحیح طرح پڑھ سکے۔
ریفرنسز
اگر کمپنی انتظامیہ کو ضرورت ہو گی تو وہ آپ کو خود ہی کہہ دے گی، اگر آپ سی وی کے اختتام پر لکھتے ہیں کہ ضرورت پڑنے پر ریفرنسز فراہم کریں گے تو آپ ایک قیمتی لائن کو ضائع کررہے ہوتے ہیں کیونکہ اس کی کوئی ضرورت نہیں ہوتی۔
بے ربط ترتیب
سی وی کی ترتیب یا فارمیٹ مواد جتنا ہی اہم ہوتا ہے، بہترین فارمیٹ وہ ہوتا ہے جو ہائرنگ منیجرز کے لیے آپ کی سی وی کو اسکین کرنا آسان بنادے اور وہ آسانی سے آپ کی قابلیت اور کیرئیر کے مقاصد کو دیکھ لیں۔ ایک بار جو فارمیٹ منتخب کرلیں تو اس پر قائم رہیں۔
ضمیر متکلم
آپ کی سی وی ایسے الفاظ جیسے ' میں' یا 'میرے' وغیرہ شامل نہیں ہونے چاہئے، کبھی بھی سی وی میں ضمیر متکلم اور تیسرے فرد کے الفاظ کو شامل نہیں کرنا چاہئے، یہ سب کو معلوم ہوتا ہے کہ سی وی میں جو کچھ بھی ہوگا وہ آپ کے اور آپ کے تجربات کے بارے میں ہوگا۔
سابق ملازمت کے زمانہ حال کے الفاظ کا استعمال
اپنے ماضی کے ملازمت کے تجربے کو زمانہ حال یا Present tense میں بیان نہ کریں، آپ کی موجودہ ملازمت کو ہی اس میں تحریر کیا جانا چاہئے۔
کوئی بھی غیر ضروری لفظ
ماہرین کے مطابق ایسی کوئی وجہ نہیں جو لفظ فون یا ای میل کے الفاظ کو شامل کرنے جواز ثابت کرتی ہے، بس فون نمبر اور ای میل ایڈریس لکھ دینا کافی ہے۔
ذاتی ای میل
اگر آپ کوئی پرانا ای میل ایڈریس استعمال کررہے ہیں تو سی وی کے لیے کسی نئے ای میل کو بنالیں کیونکہ اس میں ایک سے دو منٹ لگتے ہیں اور یہ ہوتے بھی مفت ہیں۔
ہیڈر، فوٹر، ٹیبل، تصاویر یا چارٹ
بہترین ترتیب دیئے گئے ہیڈر اور فوٹر پروفیشنل نظر آسکتے ہیں، جبکہ اچھے ٹیبلز، تصاویر یا چارٹ آپ کی ساکھ بڑھا سکتے ہیں مگر یہ اکثر یہ بھرتی کرنے والے لوگوں کو الجھن کا شکار بھی کردیتے ہیں کیونکہ وہ اس طریقہ کار کے عادی نہیں ہوتے۔
اپنی موجودہ ملازمت کی کانٹیکٹ انفارمیشن
یہ نہ صرف خطرناک بلکہ احمقانہ اقدام ہوتا ہے، کیا آپ پسند کریں گے کہ آپ کی ممکنہ نئی کمپنی دفتر میں رابطہ کرے؟ تو اگر آپ موجودہ ملازمت سے برطرف ہوکر باہر جانے کی خواہش نہیں رکھتے تو اس قسم کی معلومات کو سی وی سے دور ہی رکھیں۔
سوشل میڈیا یوآر ایل
اپنے بلاگز، فیس بک، انسٹاگرام یا ایسے ہی سوشل میڈیا اکا?نٹس کے لنکس کی سی وی میں کوئی اہمیت نہیں ہوتی بلکہ وہ خود کو خطرے میں ڈال رہے ہوتے ہیں جس سے کمپنیاں ان کے بارے میں بہت کچھ جان کر فیصلے کرسکتی ہیں۔ تاہم پروفیشنل اور جس پوزیشن کو حاصل کرنے کی کوشش کررہے ہیں، اس سے متعلق لنکیڈن پیج یا دیگر کا لنک ضرور دیا جاسکتا ہے۔
15 سال سے زیادہ کا تجربہ
جب آپ اپنی ملازمتوں میں 2000 سے قبل کا ذکر کرتے ہیں تو ہائرنگ منیجرز کی دلچسپی سے محروم ہونے لگتے ہیں۔ آپ کا تجربہ 15 سال تک ہونا چاہئے یا کمپنیاں عام طور پر یہی دیکھنا چاہتی ہیں، اسی طرح ایسی تعلیمی اسناد اور سرٹیفکیٹس کو بھی شامل نہ کریں جو 15 سال سے زیادہ پرانے ہو۔
تنخواہ کی تفصیلات
کچھ لوگ اپنی تنخواہ کی تفصیلات بھی سی وی بھی شامل کردیتے ہیں جو کہ بالکل غیرضروری اور اچھا پیغام نہیں دیتا۔ اسی طرھ اپنی مطلوبہ تنخواہ کا بھی سی وی بھی ذکر نہیں کرنا چاہئے، یہ دستاویز پیشہ وارانہ تجربے اور اہلیت کے اظہار کے لیے ہوتی ہے۔
متروک فونٹس
ماہرین کہتے ہیں کہ ٹائمز نیو رومن یا ایسے فونٹس استعمال نہ کریں جو پرانے ہوچکے ہو، بلکہ اسٹینڈرڈ فونٹ جیسے ایریل کو استعمال کریں۔ اسی طرح فونٹ سائز کا بھی خیال رکھیں تاکہ پڑھنے میں بھی آسانی ہو۔
فینسی فونٹس
پرانوں کے ساتھ ساتھ بہت زیادہ فینسی فونٹس کا استعمال بھی نہیں کرنا چاہئے، اس طرح کی سی وی کو پڑھنا مشکل ہوجاتا ہے تو انٹرویو کے لیے طلبی کا امکان بھی بہت کم ہوجاتا ہے۔
کسی کمپنی کو چھوڑنے کی وجوہات
ماہرین کہتے ہیں کہ یہ چیز سی وی کا حصہ بنانا غیرضروری اور غیر متعلقہ ہے، اس کا مرحلہ انٹرویو کے موقع پر آئے تو ہی بہتر ہے۔
تعلیمی گریڈز
ایک بار جب آپ اسکول سے نکل جاتے ہیں تو آپ کے گریڈ اتنے اہم نہیں رہتے یا کم از کم ملازمت کے حوالے سے، اگر آپ کے کالج یا یونیورسٹی کی جی پی اے 3.8 یا اس سے زائد ہو پھر تو ذکر کرنا میں کوئی برائی نہیں، تاہم اس سے کم ہو تو ذکر نہ کریں تو بہتر ہے۔
اپنی تصویر
ہوسکتا ہے مستقبل میں یہ عام معمول بن جائے مگر موجودہ عہد میں یہ توجہ ہٹانے والی ہوتی ہے اور ہائرنگ کرنے والے افراد سی وی کی تفصیلات پر غور نہیں کرپاتے۔
حقائق کی جگہ خیالات کا اظہار
اپنی ستائش کا اظہار نہ کریں کیونکہ یہ آپ کے ذاتی خیالات ہوتے ہیں اور ضروری نہیں کہ سچ بھی ہو۔ کمپنیاں بس حقائق چاہتی ہیں اور آپ کی خوبیاں وہ ملاقات پر خود جان لیتی ہیں۔
مختصر ملازمت
ایسی ملازمت کا تذکرہ سی وی میں نہ کریں جہاں آپ نے بہت کم مدت کے لیے کام کیا ہو، اس سے کوئی اچھا تاثر قائم نہیں ہوتا۔