پاکستان

آرمی چیف کے بعد وزیراعظم کی وزیر داخلہ سے دو ملاقاتیں

ملاقات کے حوالے سے کوئی اعلامیہ جاری نہیں ہوا،آرمی چیف سے ملاقات کے 48گھنٹوں کے بعد اجلاسوں کو ماہرین اہمیت دے رہے ہیں۔

اسلام آباد : وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان نے وزیراعظم نواز شریف سے چند ہی دنوں میں دوسری ملاقات کی۔

وزارت داخلہ کے ذرائع کا کہنا تھا کہ چوہدری نثار علی خان نے وزیراعظم کے ساتھ قومی سلامتی کے اہم معاملات اور موجودہ سیاسی صورت حال پر گفتگو کی۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیر داخلہ نے جمعے کو بھی وزیراعظم سے ملاقات کی تھی جبکہ افغانستان کی سرحدی سیکیورٹی فورسز کی چمن بارڈر پر فائرنگ کے نتیجے میں 12 افراد کی ہلاکت سے آگاہ کیا تھا۔

خیال رہے کہ اس ملاقات کے حوالے سے وزیراعظم ہاؤس اور وزارت داخلہ دونوں طرف سے کوئی سرکاری اعلامیہ یا بیان جاری نہیں ہوا تھا۔

نجی چینلز کی رپورٹ کے مطابق وزیراداخلہ نے گزشتہ سال اکتوبر میں ڈان میں شائع ہونے والی خبر کی انکوائری کمیٹی کی سفارشات پر نوٹیفیکیشن جاری کرنے کے حوالے سے گفتگو کی۔

وزیراعظم نے چوہدری نثار کو انکوائری کمیٹی کی تحقیقات کے حوالے سے ایک نوٹیفیکیشن جاری کرنے کی ہدایت کی تاکہ تمام متعلقہ اداروں کے تحفظات کو دور کیا جاسکے۔

یاد رہے کہ 29 اپریل کو وزیراعظم ہاؤس کی جانب سے رپورٹ کی روشنی میں کارروائی کا نوٹیفیکیشن جاری کیا گیا تھا، جس کے بعد پاک فوج کے تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے سربراہ میجر جنرل آصف غفور نے ٹویٹ کے ذریعے اس کو کمیٹی کی سفارشات کے مطابق قرار نہ دیتے ہوئے 'مسترد' کردیا تھا۔

سیاسی ماہرین وزیراعظم کی چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کے 48 گھنٹوں کے اندر اندر ان ملاقاتوں کو خاص اہمیت دے رہے ہیں۔

دو روز قبل نیوز چینلز نے رپورٹ کیا تھا کہ آرمی چیف اور وزیراعظم کے درمیان 'خوشگوار ماحول' میں ملاقات ہوئی اور ڈان کی خبر، سرحدی کشیدگی اور سلامتی کی صورت حال پر بحث کی گئی۔

مزید پڑھیں:ڈان خبر کی تحقیقات: وزیراعظم کی آرمی چیف سے ملاقات

لیکن نہ ہی وزیراعظم ہاؤس اور نہ ہی آئی ایس پی آر کے چیف کی جانب سے کسی بیان یا ٹویٹ کے ذریعے ملاقات کی تصدیق یا انکار نہیں کیا گیا۔

تاہم وزیراعظم کے دفتر سے سیکریٹری فواد حسن فواد کی چھٹی کی درخواست کی بے بنیاد قرار دینے کی خبر جاری کی گئی تھی اور کہا گیا تھا کہ انھوں نے چھٹی کی درخواست نہیں کی۔