لائف اسٹائل

’خدا نے چاہا تو میں جڑواں-تھری میں بھی ہوں گا‘

انوپم کھیر، ورن دھون کی فلم ’جڑواں-ٹو‘ کا حصہ بن گئے، جس کا اعلان اداکار نے سوشل میڈیا پر کیا۔

بولی وڈ کے معروف اداکار انوپم کھیر نوجوان اداکار ورن دھون کی فلم ’جڑواں 2‘ کی کاسٹ کا حصہ بن گئے۔

انوپم کھیر آخری مرتبہ رواں برس ریلیز ہونے والی فلم ’نام شبانہ‘ میں کام کرتے نظر آئے تھے، 30 سالہ ورن دھون نے سوشل میڈیا پر انوپم کھیر کی فلم میں اپنی شمولیت کا باقاعدہ اعلان کیا۔

62 سالہ انوپم کھیر کے ساتھ شیئر کی گئی ایک تصویر میں ورن دھون نے لکھا، ’انوپم کھیر فلم جڑواں کے وہ واحد اداکار ہیں جو جڑواں 2 کا بھی حصہ بن گئے، یہ ان کے ساتھ میری دوسری فلم ہے، وہ پہلے سے زیادہ فٹ اور صحت مند ہیں، انوپم کھیر بھارت کے کامیاب اداکاروں میں سے ایک ہیں‘۔

جس کے بعد انوپم کھیر نے بھی ٹوئٹر کا سہارا لیا اور ورن دھون کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا، ’خدا نے چاہا تو میں جڑواں 3 میں بھی موجود ہوں گا، کچھ بھی ہوسکتا ہے‘۔

خیال رہے کہ یہ دونوں اداکار اس سے قبل 2014 کی فلم ’میں تیرا ہیرو‘ میں کام کرچکے ہیں۔

ورن دھون کے والد اور نامور ہدایت کار ڈیوڈ دھون کی ہدایات میں بننے والی فلم ’جڑواں 2‘ 1997 کی فلم ’جڑواں‘ کا سیکوئل ہے جس میں سلمان خان نے مرکزی کردار ادا کیا تھا، جبکہ کرشمہ کپور اور رامبھا نے اس فلم میں ہیروئن کا کردار ادا کیا تھا۔

فلم ’جڑواں 2‘ میں اداکارہ تپسی پنو اور جیکولین فرنینڈز مرکزی کردار ادا کریں گی۔

فلم کی شوٹنگ اس وقت لندن میں جاری ہے، خیال رہے کہ ورن دھون نے اپنی 30ویں سالگرہ کے موقع پر انسٹاگرام پر اپنے والد کے ہمراہ ایک تصویر شیئر کی تھی، جس میں وہ اس فلم کو بھی پروموٹ کرتے نظر آئے۔

فلم ’جڑواں 2‘ کی ریلیز رواں سال 29 ستمبر کو متوقع ہے۔