سائنس و ٹیکنالوجی

چین کا اپنا وکی پیڈیا متعارف کرانے کا اعلان

چین میں سوشل ویب سائیٹس سمیت ڈیٹنگ ویب سائیٹس بھی مقامی ہیں،اب وہاں وکی پیڈیا کا بھی لوکل ورژن متعارف کرایا جا رہاہے۔

بیجنگ: آبادی کے لحاظ سے دنیا کے سب سے بڑے ملک چین میں جہاں سوشل ویب سائٹس سمیت دیگر ویب سائٹس بھی وہاں کی مقامی ہیں، اب وہاں وکی پیڈیا کا بھی لوکل ورژن متعارف کرایا جا رہا ہے۔

چین کی حکومت ’چائنیز انسائیکلوپیڈیا‘ پر کام کر رہی ہے، جسے 2018 میں آن لائن کردیا جائے گا، اس ویب سائٹ پر مواد لکھنے کے لیے 20 ہزار افراد کی خدمات حاصل کی جائیں گی۔

چائنیز وکی پیڈیا کو انسائیکلو پیڈیا برٹینیکا کی طرح ایک آن لائین ڈکشنری کے طور پر چلایا جائے گا، اس کے لیے ایک ایڈیٹر ان چیف کی خدمات بھی حاصل کرلی گئی ہیں۔

چینی انسائیکلو پیڈیا کے ایڈیٹر ان چیف یانگ موشی نے ساؤتھ چائنا مورننگ پوسٹ نامی خبر رساں ادارے کو بتایا کہ چین کی کمیونسٹ حکومت اپنی آن لائین ڈائریکٹری متعارف کرانے کے لیے 20 ہزار طلبہ، اسکالر، اساتذہ اور لکھاریوں کی خدمات حاصل کرے گی۔

ایڈیٹر ان چیف کے مطابق چینی انسائیکلو پیڈیا کو 2018 تک آن لائین کردیا جائے گا، اس وقت تک اس میں 100 شعبوں کے کم سے کم 3 لاکھ آرٹیکل شامل کیے جائیں گے، جب کہ ہر آرٹیکل کم سے کم ایک ہزار الفاظ پر مشتمل ہوگا۔

چینی حکام کے مطابق اس ویب سائیٹ کا مقصد دنیا تک چین کے حوالے سے سائنس و ٹیکنالوجی، تعلیم، سیاحت، سیاست اور دیگر معاملات سے متعلق مصدقہ معلومات کو پہنچانا ہے۔

اس ویب سائیٹ کے ایڈیٹر ان چیف نے اس منصوبے کو ثقافتی انقلاب کا نام دیتے ہوئے کہا کہ اس ویب سائیٹ میں انسائیکلو پیڈیا برٹینیکا کے مقابلے دگنا مواد دستیاب ہوگا، جو مستند اور حقائق پر مبنی ہوگا۔

خیال رہے کہ چین میں وکی پیڈیا سمیت فیس بک اور ٹوئٹر جیسی ویب سائیٹ پر پابندی عائد ہے، چین میں لوکل سوشل و ڈیٹنگ ویب سائیٹس تیار کی گئی ہیں۔

چین جہاں آبادی کے لحاظ سے دنیا ک سب سے بڑا ملک ہے، وہیں یہ انٹرنیٹ استعمال کرنے والے افراد کے حوالے سے بھی سب سے بڑا ملک ہے۔

علاوہ ازیں چائینیز انسائیکلو پیڈیا کے بھی اب تک 74 والیوم آچکے ہیں، اس ڈکشنری پر 1970 میں کام کا آغاز کیا گیا تھا، اس میں بھی ہزاروں چینی سائنسدانوں، ماہرین، اساتذہ، طلبہ و اسکالرز کی خدمات حاصل کی گئی تھیں۔