ہم ایوارڈز شو میں یاسر حسین کے 'مذاق' پر تنقید
گذشتہ ہفتے لاہور میں منعقد ہونے والے پانچویں 'ہم ایوارڈز شو' میں جہاں بہت سی اچھی باتیں ہوئیں، وہیں کچھ باتیں ایسی بھی ہوئیں، جنھیں نہیں ہونا چاہیئے تھا۔
ان ہی میں سے ایک موقع وہ تھا، جب کامیڈین یاسر حسین نے حاضرین کے سامنے بچوں کے جنسی استحصال کے حوالے سے ایک جملہ کسا۔
جب احسن خان بچوں پر جنسی تشدد کے حوالے سے بننے والے ڈرامہ سیریل 'اڈاری' کے لیے بہترین اداکار (منفی کیٹگری) کا ایوارڈ وصول کرنے کے لیے اسٹیج پر آئے تو یاسر حسین نے کہا، 'اتنا خوبصورت چائلڈ مولسٹر (بچوں کا جنسی استحصال کرنے والا)، کاش میں بھی بچہ ہوتا'۔
مزید پڑھیں: ہم ایوارڈز کا میلہ اڈاری اور سنگ مر مر کے نام
یاسر حسین کے ان ریمارکس کے بعد سوشل میڈیا پر لوگوں نے دل کھول کر اپنے غم و غصے کا اظہار کیا، کچھ نے تو کامیڈین کو براہ راست تنقید کا نشانہ بنایا جبکہ دیگر نے شو میں شریک اسٹارز کو نشانہ بنایا، جو اس مذاق پر ہنستے رہے۔