دنیا

شمالی کوریا کا ناکام میزائل تجربہ، امریکا کو تشویش

شمالی کوریا نے (ناکام) میزائل تجربہ کرکے چین اور اس کے قابل احترام صدر کی خواہشات کی توہین کی ہے، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ

سیئول: شمالی کوریا نے درمیانے فاصلے تک مار کرنے والے بیلسٹک میزائل کے این 17 کا تجربہ کیا جو اپنے ہدف تک پہنچنے سے قبل ہی فضاء میں دھماکے سے تباہ ہوگیا، دوسری جانب جبکہ امریکا اور جنوبی کوریا نے اس تجربے پر تشویش کا اظہار کیا۔

رواں ماہ شمالی کوریا کی جانب سے کیا جانے والا یہ تیسرا میزائل تجربہ ہے جو ناکام ہوگیا، تاہم اس تجربے کے ذریعے شمالی کوریا نے امریکی افواج کو ایک واضح پیغام ہے جو اس وقت بحر الکاہل میں مشقوں میں مصروف ہیں۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس (اے پی) کے مطابق اقوام متحدہ نے شمالی کوریا پر بیلسٹک میزائل کے تجربہ پر پابندی عائد کر رکھی ہے کیونکہ اقوام متحدہ کو خطرہ ہے کہ شمالی کوریا ان میزائلوں کی مدد سے امریکا پر ایٹمی حملہ کر سکتا ہے۔

شمالی کوریا کے اس ناکام تجربے کے بعد امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ شمالی کوریا نے میزائل تجربہ کرکے (جو کہ ناکام ہوگیا ہے) چین اور اس کے قابل احترام صدر کی خواہشات کی توہین کی ہے۔

مزید پڑھیں: شمالی کوریا نے 4 میزائل داغے، جاپان کا دعویٰ

تاہم شمالی کوریا نے ناکام میزائل تجربہ پر فی الحال کوئی تبصرہ نہیں کیا حالانہ اس کے سرکاری ذرائع ابلاغ نے اس بات کا اعادہ کیا کہ شمالی کوریا کا مقصد امریکا کو نشانہ بنانے کی صلاحیت حاصل کرنا ہے۔

واضح رہے کہ شمالی کوریا نے میزائل تجربہ ایک ایسے وقت میں کیا ہے، جب اقوام متحدہ کی سیکیورٹی کونسل کی جانب سے پیونگ یانگ کے بڑھتے ہوئے اسلحہ پروگرام کے ایجنڈے پر امریکی سیکریٹری اسٹیٹ ریکس ٹلرسن کی سربراہی میں ایک اجلاس منعقد کیا جارہا تھا، تاہم شمالی کوریا نے اس اجلاس کا بائیکاٹ کردیا تھا۔

میزائل تجربے کے بارے میں شمالی کوریا کے جوائنٹ چیف آف اسٹاف نے ایک بیان میں بتایا کہ شمالی کوریا کا میزائل ناکام ہونے سے پہلے 71 کلومیٹر کی بلندی تک پہنچا تھا۔

ایک امریکی عہدیدار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر غیر ملکی خبر رساں ادارے کو بتایا کہ فوری طور پر اس بات کا اندازہ نہیں لگایا جاسکتا کہ اس میزائل نے آخر ہوا میں کتنا پرواز کیا، لیکن یہ ایک درمیانے فاصلے تک مار کرنے والا کے این 17 بلیسٹک میزائل ہے، ان کا مزید کہنا تھا کہ یہ میزائل لانچنگ پیڈ سے نکلنے کے کچھ منٹ بعد ہی ہوا میں تباہ ہوگیا۔

یہ بھی پڑھیں: شمالی کوریا نے کامیاب میزائل تجربے کی تصدیق کردی

تاہم اس حوالے سے جاپانی چیف کیبنٹ سیکریٹری یوشیہیدے سوگا کا کہنا تھا کہ اس میزائل نے 50 کلومیٹر کا سفر کیا اور پھر ناکام ہو کر شمالی کوریا کی ہی سرزمین پر گر گیا۔

تجزیہ نگاروں کا کہنا ہے کہ کے این 17 ایک سکڈ (Scud) قسم کا میزائل ہے جسے شمالی کوریا نے تیار کیا ہے۔

یاد رہے کہ شمالی کوریا نے اسی قسم کے میزائل کا تجربہ رواں ماہ 5 اور 16 اپریل کو بھی کیا تھا۔

تاہم جنوبی کوریا کی وزارت خارجہ کا کہنا تھا کہ شمالی کوریا کی جانب سے کیا جانے والا تجربہ اقوام متحدہ کی قرارداد کی کھلی خلاف ورزی ہے اور شمالی کوریا کے جارحانہ عزائم کا اعلان ہے۔