پاکستان

مندر کی مورتیوں کی ’بے حرمتی‘: نامعلوم ملزمان کےخلاف مقدمہ

نامعلوم شرپسندوں نے مندر میں داخل ہو کر دیوتاؤں کی مورتیوں کی بے حرمتی کی اور انہیں گٹر میں پھینک دیا،مقامی ہندو رہنما

ٹھٹھہ: سندھ کے ضلع ٹھٹھہ کے شہر گھارو کی پولیس نے مبینہ طور پر ہندوؤں کے مقامی مندر کی مورتیوں کی بے حرمتی کرنے پر نامعلوم ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا۔

گھارو پولیس نے نامعلوم ملزمان کے خلاف سرکار کی مدعیت میں پاکستان پینل کوڈ (پی پی سی) کی دفعہ 295 ’اے‘ اور انسداد دہشت گردی ایکٹ کے سیکشن 6/7 کے تحت درج کیا۔

مقامی ہندو برادری کے رہنماؤں نے پولیس کو بتایا کہ چند نامعلوم شرپسندوں نے مندر میں داخل ہو کر دیوتاؤں کی مورتیوں کی بے حرمتی کی اور چند مورتیوں کو مندر کے قریب واقع گٹر میں پھینک دیا۔

گھارو ٹاؤن کمیٹی کے کونسلر لال مہیشوری نے ڈان سے بات کرتے ہوئے کہا کہ شرپسندوں نے ہندوؤں کے سالانہ مذہبی تہوار کی شام کو راما پیر مندر اور اس میں موجود مورتیوں کی بے حرمتی کی۔

انہوں نے اعلیٰ حکام سے واقعے کا سختی سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا۔

سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس ایس پی) ٹھٹھہ فِدا حسین مستوئی کا کہنا تھا کہ معاملے کی تحقیقات جاری ہے اور پولیس ملزمان کا جلد سراغ لگالے گی۔