بل گیٹس سے دنیا کے امیر ترین شخص کا اعزاز چھننے کے قریب
ویسے تو ایک ارب ڈالرز کمانا دنیا کے کروڑوں بلکہ اربوں افراد کے بس کی بات نہیں مگر ایک شخص نے تو صرف چند منٹوں میں اتنے زیادہ پیسے کما لیے جو ناقابل یقین ہے۔
جی ہاں معروف آن لائن خرید و فروخت کی ویب سائٹ ایمازون کے بانی جیف بیزوز نے چند منٹوں میں 2.8 ارب ڈالرز (2 کھرب 93 ارب سے زائد پاکستانی روپے) کمائے۔
یہ کمال ان کی سہ ماہی آمدنی رپورٹ کی بدولت ہوا جس میں ماہرین کے اندازوں سے زیادہ منافع کمانے کی رپورٹ سامنے آئی۔
آمدنی کے اعلان کے بعد اس کمپنی کے شیئرز کی قیمت میں لگ بھگ 3.76 فیصد اضافہ ہوا اور جیف بیزوز کے اثاثوں میں 2.8 ارب ڈالرز کا اضافہ ہوگیا۔
تاہم اصل بات یہ ہے کہ 81.5 ارب ڈالرز کے ساتھ اب جیف بیزوز دنیا کے امیر ترین شخص بننے سے کچھ زیادہ دور نہیں رہ گئے ہیں۔
گزشتہ ماہ جیف بیزوز نے امانسیو اورٹیگا (74.1 ارب ڈالرز) اور وارن بفٹ (75.5 ارب ڈالرز) کو پیچھے چھوڑ کر دنیا کے دوسرے امیر ترین شخص کا اعزاز حاصل کیا تھا۔
اب وہ دنیا کے امیر ترین شخص بننے سے کچھ زیادہ دور نہیں۔
اس وقت جو واحد فرد جیف بیزوز سے زیادہ امیر ہے وہ مائیکرو سافٹ کے بانی بل گیٹس ہیں جن کے اثاثوں کی مالیت 87.1 ارب ڈالرز ہے جبکہ ایمازون کے سربراہ کو انہیں پیچھے چھوڑنے کے لیے محض 5.5 ارب ڈالرز مزید کمانے ہیں۔
واضح رہے کہ برسوں سے بل گیٹس دنیا کے امیر ترین شخص کا اعزاز اپنے نام کیے ہوئے ہیں۔
خیال رہے کہ پاکستان میں تو جیف بیزوز کی ویب سائٹ کی آن لائن خرید و فروخت کی سروس کام نہیں کررہی تاہم دنیا کے بیشتر ممالک میں یہ کافی متحرک ہے جبکہ دیگر خدمات بھی فراہم کرتی ہے۔