پاکستان

جے ایف 17 بی تھنڈر کی پہلی کامیاب آزمائشی اڑان

دو سیٹ والے جے ایف 17 بی تھنڈر طیارے نے چین میں اپنی پہلی کامیاب آزمائشی پرواز کی، پاک فضائیہ

پاکستان ائیر فورس (پی اے ایف) اور چین کی شراکت سے تیار کردہ دو سیٹ والے جے ایف 17 بی تھنڈر نے چین میں اپنی پہلی کامیاب آزمائشی پرواز کی۔

پاک فضائیہ کے جاری بیان میں کہا گیا کہ 'جے ایف 17 بی حال ہی میں آزمائشی مرحلے میں داخل ہوا ہے'۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ دو سیٹ والے اس طیارے کی کامیاب پرواز خود انحصاری کی جانب ایک اہم قدم ہے۔

ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق ایئرچیف مارشل سہیل امان تقریب کے مہمان خصوصی تھے، جس کی میزبانی ایویشن انڈسٹری کارپوریشن آف چائینہ کے ایگزیکٹو نائب صدر لی یوہائی کررہے تھے۔

مزید پڑھیں: 16 جے ایف 17 تھنڈر طیارے فضائیہ کے بیڑے میں شامل

بیان میں کہا گیا کہ جے ایف 17 بی سے یہ اُمید کی جارہی ہے کہ وہ پی اے ایف کی آپریشنل اور ٹریننگ صلاحیتوں میں اضافے کا باعث ہوگا۔

اس کے علاوہ یہ جنگی طیارہ پی اے ایف کے لڑاکا پائلٹوں کو جدید جنگ کی ٹریننگ میں مدد فراہم کرے گا۔

گذشتہ سال پاکستان اور چین نے چینگڈو ائیرو اسپیس میں ایک تقریب کے دوران جے ایف 17 بی کی تیاری کیلئے تعاون کا اعلان کیا تھا۔

جے ایف 17 تھنڈر طیارے

نئی خصوصیات اور جدید آلات سے آراستہ جے ایف 17 تھنڈر طیارے پاکستان اور چین کے اشراک سے تیار کیے گئے ہیں۔

چین کے ٹیکنیشنز کی مدد سے پاکستان میں تیار کئے جانے والے جے ایف 17 تھنڈر کم وزن ملٹی رول طیارے ہیں جو کہ آواز کی رفتار سے دوگنا زیادہ رفتار سے 55000 فٹ کی بلندی تک پرواز کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

ان طیاروں کی تیاری کا آغاز 1999 میں ہوا تھا اور اس کی پہلی آزمائشی 2003 میں کی گئی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: پاک فضائیہ میں جے ایف - 17 تھنڈر طیارہ کی شمولیت

ماہرین کا کہنا ہے کہ پاکستانی جے ایف 17 تھنڈر طیاروں کی خریداری میں دیگر ممالک کی دلچسپی کی بنیادی وجہ اس کی قیمت ہے جو کہ امریکی ایف 16 سے 16 سے 18 لاکھ ڈالر کم ہے۔

جے ایف 17 تھنڈر بلاک ٹو طیارے فضا میں ری فیولنگ، ڈیٹا لنک، توسیعی الیکٹرانک وارفیئر اور زیادہ وزن اٹھانے کی صلاحیت کے حامل ہیں۔

یاد رہے کہ جے ایف 17 تھنڈر طیاروں کی ایک بڑی تعداد پاک فضائیہ کے فضائی بیڑے میں شامل کی جاچکی ہے۔