پاکستان

بلوچستان: پاک ایران سرحدی علاقے میں 5 ’شرپسند‘ ہلاک

پانچوں افراد سیکیورٹی فورسز کے آپریشن میں مارے گئے، ڈپٹی کمشنر کیچھ
|

بلوچستان کے ضلع کیچھ میں 5 مبینہ شرپسندوں کی لاشیں ملی ہیں جن کے بارے میں خیال کیا جارہا ہے کہ یہ فرنٹئر کور (ایف سی) پر حالیہ حملوں میں ملوث تھے۔

لیویز ذرائع کے مطابق مبینہ شرپسندوں کی لاشیں پاک ۔ ایران سرحد کے قریب گواک کے علاقے سے ملیں، جن میں ایک باپ اور بیٹا بھی شامل ہیں۔

تاہم ڈپٹی کمشنر کیچھ سرمد علی خان نے کہا ہے کہ پانچوں افراد سیکیورٹی فورسز کے آپریشن میں مارے گئے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ مارے جانے والے ’شرپسند‘ سیکیورٹی فورسز کے خلاف علاقے میں سلسلہ وار دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث تھے۔

یہ بھی پڑھیں: بلوچستان میں دھماکا، 4 ایف سی اہلکار شہید

ایک سیکیورٹی عہدیدار نے اپنی شناخت ظاہر نہ کرنے کی شرط پر ڈان کو بتایا کہ ’کارروائی کے دوران 5 شرپسندوں کے ہلاک ہونے کے ساتھ 2 ایف سی اہلکار بھی زخمی ہوئے۔‘

انہوں نے تصدیق کی کہ مارے جانے والے شرپسند علاقے میں ایف سی پر حملوں میں ملوث تھے۔

بلوچستان میں متعدد کالعدم گروپ اور علیحدگی پسند تنظیمیں سیکیورٹی فورسز اور عام شہریوں کے خلاف مسلح کارروائیوں میں مصروف ہیں، ان کارروائیوں میں متعدد لیویز، ایف سی اور پولیس اہلکار جاں بحق و زخمی ہوچکے ہیں۔