کھیل

سیریز سے انکار:بھارتی کرکٹ بورڈ کےخلاف قانونی چارہ جوئی کا فیصلہ

آئی سی سی نے رواں سال ستمبر کے آخر میں پاکستان میں 3 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلنے پر رضامندی ظاہر کردی، نجم سیٹھی

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے دوطرفہ کرکٹ سیریز کھیلنے سے انکار پر بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کے خلاف قانونی چارہ جوئی کا فیصلہ کرلیا۔

پی سی بی کی ایگزیکٹو کمیٹی کے چیئرمین نجم سیٹھی نے پاکستان اور بھارت کے درمیان دوطرفہ کرکٹ سیریز سے متعلق ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ ’پی سی بی نے بھارتی کرکٹ بورڈ کو بتا چکا ہے کہ 2014 کے معاہدے کے تحت دوطرفہ سیریز کھیلنے سے انکار پر پاکستانی کرکٹ بورڈ بی سی سی آئی کے خلاف قانونی چارہ جوئی کرے گا۔‘

ایک اور ٹوئٹ میں نجم سیٹھی نے کہا کہ ’بھارت کو شکست ہوگئی اور آئی سی سی نے بگ تھری کا ماڈل ختم کردیا۔‘

پی سی بی کی ایگزیکٹو کمیٹی کے چیئرمین نے آئی سی سی کی ’ورلڈ الیون‘ کے ستمبر میں پاکستان میں ٹی ٹوئنٹی سیریز کے حوالے سے کہا کہ ’جائلز کلارک نے آئی سی سی کے ماہرین کی سیکیورٹی رپورٹ کا جائزہ لینے کے بعد رواں سال ستمبر کے آخر میں پاکستان میں 3 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلنے پر رضامندی ظاہر کردی، جبکہ آئی سی سی کی ٹیم میں دنیا کے بہترین کھلاڑی شامل ہوں گے۔‘

واضح رہے کہ پاکستان اور بھارت کی کرکٹ ٹیموں نے 2007 کے بعد سے ایک دوسرے کے خلاف مکمل سیریز نہیں کھیلی، تاہم پاکستانی ٹیم نے مختصر سیریز کے لیے دسمبر 2012 میں بھارت کا دورہ کیا تھا۔