پاکستان

اسٹاک مارکیٹ میں محدود پیمانے پر تیزی

نمایاں کاروبار کمرشل بینک کے شعبے میں ہوا جبکہ کیمیکل اور انجینئرنگ کے شعبوں میں بھی تیزی دکھائی دی۔

پاکستان اسٹاک ایکس چینج (پی ایس ایکس) میں بدھ کے روز محدود پیمانے پر تیزی رہی اور 100 انڈیکس 42 پوائنٹس (0.09 فیصد) اضافے کے بعد 49 ہزار 827 پوائنٹس پر بند ہوا۔

نمایاں کاروبار کمرشل بینک کے شعبے میں ہوا جبکہ کیمیکل اور انجینئرنگ کے شعبوں میں بھی تیزی دکھائی دی۔

عارف حبیب کارپوریشن کے تجزیہ کار احسن محنتی کا کہنا تھا کہ ’اسٹاک مارکیٹ میں بینکنگ اور آٹو کے شعبوں میں مندی کے بعد دوبارہ تیزی نظر آرہی ہے۔‘

انہوں نے کہا کہ ’بین الاقوامی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتیں گرنے کے بعد آئل سیکٹر پر دباؤ نظر آرہا ہے اور موجودہ اکاؤنٹ خسارے سے متعلق سرمایہ کاروں کے خدشات برقرار ہیں۔‘

یہ بھی پڑھیں: اسٹاک مارکیٹ: 100 انڈیکس 50 ہزار کی سطح عبور کرگیا

بدھ کے روز کاروبار کے اختتام تک ’کے ایس ای 100 انڈیکس‘ میں 12 کروڑ 9 لاکھ سے زائد شیئرز کا لین دین ہوا، جن کی مالیت 11 ارب 90 کروڑ روپے سے زائد رہی۔

مجموعی طور پر 388 کمپنیوں کے شیئرز کا کاروبار ہوا جن میں سے 167 کی قدر میں اضافہ، 202 کی قیمتوں میں کمی اور 19 کے بھاؤ میں استحکام رہا۔