لائف اسٹائل

'نوازالدین صدیقی 100 فیصد فنکار'

فلموں سے شائقین کو محظوظ کرنے والے نوازالدین صدیقی نے ایک ویڈیو کے ذریعے بہترین سماجی پیغام دیا۔

بولی وڈ اداکار نوازالدین صدیقی کا تعلق 'کپور خاندان' یا 'خان گھرانے' سے تو نہیں تاہم پھر بھی انہوں نے اپنی بہترین اداکاری سے فلمی دنیا میں ایک الگ پہچان حاصل کرلی ہے۔

اپنی فلموں سے شائقین کو محظوظ کرنے والے نوازالدین صدیقی نے حال ہی میں ایک ویڈیو کے ذریعے بہترین سماجی پیغام دیا۔

اس ویڈیو میں نوازالدین صدیقی نے چند پلے کارڈز اپنے ہاتھوں میں اٹھائے جن پر لکھا تھا کہ انہوں نے اپنا ڈی این اے ٹیسٹ کروایا جس کے بعد انہیں معلوم ہوا کہ وہ 16.66 فیصد مسلمان، 16.66 فیصد ہندی، 16.66 فیصد مسیح، 16.66 فیصد سکھ اور ہر مذہب سے 16.66 فیصد تک تعلق رکھتے ہیں۔

تاہم انہوں نے ویڈیو کے آخر میں بتایا کہ 'جو حقیقت ہے وہ یہ ہے کہ نوازالدین صدیقی 100 فیصد فنکار ہیں'۔

خیال رہے کہ گزشتہ سال ستمبر میں اُڑی حملے میں بھارتی فوجیوں کی ہلاکت کے واقعے کے بعد سے پاکستان فنکاروں پر ہندوستان میں کام نہ کرنے پر پابندی عائد کی جاچکی ہے۔

اس کے بعد فواد خان، ماہرہ خان سمیت کئی پاکستانی فنکاروں کو ہندوستان چھوڑنا پڑا، اس کشیدگی کے باعث سب سے زیادہ نقصان دونوں ممالک کی انٹرٹینمنٹ انڈسٹری اور اس کے فنکاروں کو ہوا۔

امید ہے کہ نوازالدین صدیقی کی یہ نئی ویڈیو اس کشیدگی کو کم کرنے میں اہم کردار ادا کرے گی۔