کھیل

آملا کی عمدہ بیٹنگ، پنجاب نے گجرات کو شکست دے دی

انڈین پریمیئر لیگ میں آملا اور اکشر پٹیل کی عمدہ کارکردگی کی بدولت پنجاب نے فتح حاصل کر لی۔

انڈین پریمیئر لیگ میں ہاشم آملا اور اکشر پٹیل کی عمدہ کارکردگی کی بدولت کنگلز الیون پنجاب نے گجرات لائنز کو شکست دے دی۔

گجرات کے کپتان سریش رائنا نے ٹاس جیت کر پہلے پنجاب کو بیٹنگ کی دعوت دی تو منن ووہرا دوسرے ہی اوور میں پویلین لوٹ گئے۔

اس کے بعد ہاشم آملا اور شان مارش نے 70 رنز کی عمدہ شراکت قائم کر کے اپنی ٹیم کو بڑے اسکور کیلئے بنیاد فراہم کی، مارش 30 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔

آملا نے شاندار فارم کا سلسلہ برقرار رکھا اور 40 گیندوں پر 65 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جس میں دو چھکے اور نو چوکے لگائے لیکن وہ اور 31 رنز بنانے والے گلین میکس ویل تین گیندوں کے فرق سے یکے بعد دیگرے پویلین لوٹ گئے۔

اس موقع پر ایسا محسوس ہوتا تھا کہ شاید میزبان ٹیم زیادہ بڑا مجموعہ اسکور نہ کر سکے لیکن اکشر پٹیل ے 17 گیندوں پر 34 رنز کی جارحانہ اننگز کھیل کر پنجاب کو 188 رنز کے مجموعے تک رسائی دلائی۔

جواب میں پنجاب کی ابتدا میں ہی برینڈن میک کولم کی وکٹ گنوا کر مشکلات سے دوچار ہو گئی اور وقفے وقفے سے وکٹیں گنواتی رہی جس کے سبب کوئی بھی بلے باز بڑی اننگز نہ کھیل سکا۔

دنیش کارتھک نے 58 رنز کی اننگ کھیل کر اپنی ٹیم کو فتح دلانے کی کوشش کی لیکن دوسرے اینڈ سے کسی اور بلے باز نے ان کا ساتھ نہ دیا۔

سیرش رائنا 32، ایرون فنچ 13 اور اینڈریو ٹائی 22 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹے اور پنجاب کی ٹیم مقررہ اوورز میں سات وکٹ کے نقصان پر 162 رنز ہی بنا سکی۔

ہاشم آملا کو شاندار بیٹنگ پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔