پاکستان

شیخوپورہ: سی ٹی ڈی کی کارروائی، ٹی ٹی پی کے 8 'دہشتگرد' ہلاک

خفیہ اطلاع پر نارنگ کے نزدیک کارروائی کی گئی، دہشت گردوں نے لاہور میں تباہی کا بڑا منصوبہ بنا رکھا تھا،ترجمان سی ٹی ڈی

شیخوپورہ: پنجاب پولیس کے محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے 8 مبینہ دہشت گردوں کو ہلاک کردیا جبکہ ملزمان کے قبضے سے بھاری مقدار میں بارودی مواد بھی برآمد کرلیا گیا۔

ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق دہشت گردوں نے لاہور میں تباہی کا بڑا منصوبہ بنا رکھا تھا۔

سی ٹی ڈی پنجاب کی جانب سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق شیخوپورہ کی ٹیم نے خفیہ اطلاع پر نارنگ کے نزدیک کالعدم تحریک طالبان پاکستان اور جماعت الاحرار کے دہشت گردوں کے خلاف خفیہ اطلاع پر آپریشن کیا۔

ترجمان کے مطابق بدھ (19 اپریل) کی شب ساڑھے 11 بجے سی ٹی ڈی کی ٹیم دہشت گردوں کے ٹھکانے کی نشاندہی میں کامیاب ہوئی اور انہیں ہتھیار ڈالنے کے لیے چیلنج کیا جس کے بعد دہشت گردوں نے فائرنگ کا آغاز کردیا۔

ترجمان کے مطابق ’سی ٹی ڈی اہلکاروں نے بھی جوابی کارروائی کی، تاہم دہشت گردوں کی فائرنگ کے نتیجے میں 2 سی ٹی ڈی اہلکار زخمی ہوگئے۔

مزید پڑھیں: پنجاب: سی ٹی ڈی کی کارروائیاں، 9 دہشتگرد گرفتار

بیان میں مزید کہا گیا کہ 'مقابلے کے دوران 8 دہشت گرد اپنے ہی ساتھیوں کی گولیوں کا نشانہ بنے، جبکہ رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے 3 سے چار دہشت گرد فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے‘۔

ہلاک ہونے والے مبینہ دہشت گردوں کی شناخت اور فرار ہونے والے دہشتگردوں کی تلاش کا سلسلہ جاری ہے۔

ترجمان سی ٹی ڈی کا اپنے بیان میں مزید کہنا تھا کہ دہشت گردوں سے 3 کلو بارودی مواد، پرائماکورڈ، 3 کلاشنکوف رائفلز اور 5 پستول برآمد ہوئیں۔

یہ بھی پڑھیں: پنجاب: سی ٹی ڈی کی کارروائی، '5 دہشت گرد' ہلاک

مقابلے کے دوران زخمی سی ٹی ڈی اہلکاروں کو ہسپتال منتقل کرکے تفتیش کا آغاز کردیا گیا۔

سی ٹی ڈی کی کارروائیاں

خیال رہے کہ حالیہ دنوں میں پنجاب میں سی ٹی ڈی نے اپنی کارروائیاں تیز کردی ہیں، رواں ماہ 11 اپریل کو بھی ملتان اور سیالکوٹ میں کارروائی کرتے ہوئے 9 مبینہ دہشت گردوں کو گرفتار کرکے تخریب کاری کی کارروائی کو ناکام بنا دیا گیا تھا۔

8 اپریل کو لاہور کے قریب محکمہ انسداد دہشت گردی کی کارروائی کے نتیجے میں کالعدم تنظیم کے 10 مبینہ دہشت گرد ہلاک ہوگئے تھے۔

مناواں میں ہونے والی کارروائی کے دوران ہلاک ہونے والے دہشت گردوں میں لاہور کے مال روڈ پر خودکش حملے کا سہولت کار بھی شامل تھا۔

مزید پڑھیں: لاہور: مال روڈ دھماکے کے سہولت کار سمیت 10 دہشتگرد ہلاک

اس کے علاوہ گزشتہ روز محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) نے زیرحراست دہشت گردوں سے حاصل ہونے والی معلومات کی بنیاد پر سکھر میں کارروائی کے دوران کراچی ایئرپورٹ اور سابق سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس پی) چوہدری اسلم پر حملے سمیت متعدد دہشت گرد کارروائیوں میں مبینہ طور پر ملوث دہشت گرد کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا تھا۔

30 مارچ کو سی ٹی ڈی نے گجرات میں مقابلے کے دوران 5 دہشت گردوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا تھا۔