سائنس و ٹیکنالوجی

قتل کی لائیو ویڈیو پر مارک زکربرگ کا اظہار افسوس

ریاست اوہائیو میں جنونی شخص نے ایک شہری سے نام پوچھنے کے بعد اسے قتل کرنی کی ویڈیو فیس بک پر چلائی تھی۔

سان فرانسسکو: فیس بک کے بانی مارک زکر برگ نے امریکی ریاسی اوہائیو میں ایک شخص کی جانب سے عمر رسیدہ افراد کو قتل کرنے کی ویڈیو فیس بک پر نشر کرنے والے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے مقتول کے خاندان سے اظہار افسوس کیا۔

اوہائیو کے شہرکلیوی لینڈ میں 17 اپریل کو ایک 37 سالہ جنونی شخص اسٹیو اسٹیفن نے ایک 74 سالہ بزرگ شہری رابرٹ گوڈون سے نام پوچھنے کے بعد اسے گولی مارکر ہلاک کردیا تھا۔

اسٹیو اسٹیفن نے اس واقعے کی ویڈیو فیس بک پر نشر کی تھی۔

قتل کی ویڈیو نشر کرنے والا ملزم—فوٹو: فیس بک

قاتل اسٹیوو اسٹیفن نے ایک اور ویڈیو بھی نشر کی تھی، جس میں اس نے کم سے کم مزید 13 افراد کو قتل کرنے کا انکشاف کیا تھا۔

بعد ازاں پولیس کو قاتل اسٹیوو اسٹیفن کی گاڑی ملی، پولیس کے مطابق قاتل نے خودکشی کرلی۔

واقعے کی ویڈیو فیس بک پر نشر ہونے اور امریکا بھر میں اس واقعے پر شدید اظہار افسوس کیے جانے کے بعد فیس بک کے بانی نے بھی واقعے کی مذمت کرتے ہوئے مقتول رابرٹ گوڈون کے اہل خانہ سے اظہار ہمدردی کی۔

قتل کیا گیا بزرگ شہری—فوٹو: فیس بک

فیس بک کی سالانہ ایف 8 ڈویلپمنٹ کانفرنس سے خطاب کے دوران مارک زکربرگ نے جہاں کمپنی کی جانب سے نئی چیزیں متعارف کرائے جانے کے حوالے سے بات کی، وہیں فیس بک پر قتل اور بھیانک جرائم کی لائیو ویڈیوز نشر کرنے جیسے واقعات کی بھی مذمت کی۔

مارک زکربرگ نے بزرگ شہری کے قتل پر اہل خانہ سے اظہار ہمدری کرتے ہوئے اس بات کا بھی اعادہ کیا کہ فیس بک انتظامیہ ایسے ویڈیوز نشر کرنے کے حوالے سے سخت انتظامات کا جائزہ لے گی۔

خیال رہے کہ بزرگ شہری کو قتل کیے جانے والی ویڈیو کو چند ہی گھنٹوں میں ایک ہزار سے زائد افراد نے دیکھا تھا، جس کے بعد فیس بک انتظامیہ نے شکایات موصول ہونے پر اس ویڈیو کو ہٹادیا تھا۔

ویڈیو نشر ہونے کے بعد فیس بک کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔

قتل کیے گئے شخص کے اہل خانہ