مغل سپر ہیروز متعارف کرانے والے 2 پاکستانی امریکی ڈاکٹر
نیویارک میں رہنے والے عمر مرزا اور خرم مہتاب الدین پیشے کے لحاظ سے تو ڈاکٹر ہیں مگر انہوں نے مصروفیات کے باوجود اپنے شوقیہ کام کے لیے وقت نکالا۔
انہوں نے زندان (جیل) کے نام سے ایک کامک (خاکوں کی) سیریز بنائی، جس میں انہوں نے برصغیر کے دور بادشاہت کے مغل سپر ہیروز کو پیش کیا۔
ویسے یہ خود ایک تجسس میں ڈالنے والی بات ہے کہ کس طرح نیویارک میں بسنے والی 2 ڈاکٹرز نے برصغیر کے مغل بادشاہوں پر مبنی فکشن کہانیاں تیار کیں۔
پاکستانی نژاد امریکی ڈاکٹرز نے اپنے کام کے حوالے سے گفتگو کے دوران بتایا کہ کس طرح انہوں نے اس تھیم کے تحت اپنا پیغام دوسروں تک پہنچایا۔
خرم مہتاب الدین اور عمر مرزا کہتے ہیں کہ ہم چاہتے تھے کہ وہ برصغیر کی تاریخ دلفریب انداز میں حقیقت سے زیادہ پرکشش طریقے سے پیش کریں، اور ہمارے پاس اس داستان کو نئی شکل دینے کا ایک موقع بھی تھا، کیوں کہ آج کل کے دور میں اگر ٹی وی یا خبریں دیکھی جائیں تو دنیا کے اس حصے کو بہت ہی منفی انداز میں پیش کیا جاتا ہے، تو ہم نے سوچا کہ ہمیں اس خطے کے ہی ہیروز کو پیش کرنا چاہئیے۔