پاکستان

'آرمی چیف کو بتادیا 2013 جیسے الیکشن نہیں ہونے دیں گے'

آرمی چیف کوبتایا کہ الیکشن میں جمہوریت نہیں بلکہ شفاف الیکشن میں جمہوریت ہے، انہوں نے کہا ہم بھی مدد کریں گے،عمران خان

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ انہوں نے آرمی چیف سے کہہ دیا ہے کہ اس بات 2013 کی طرح کے انتخابات نہیں ہونے دیں گے۔

جیوز نیوز کے پروگرام کیپیٹل ٹاک میں گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات میں جمہوریت اور الیکشن کے حوالے سے بات ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ 'میں نے آرمی چیف کے سامنے بھی کہا اور اب بھی کہہ رہا ہوں کہ اگر کوئی سمجھتا ہے کہ یہ الیکشن بھی 2013 کی طرح ہوں گے تو میں واضح کردوں کہ ہم ایسا نہیں ہونے دیں گے'۔

یہ بھی پڑھیں: آرمی چیف جنرل باجوہ سے عمران خان کی ملاقات

عمران خان نے کہا کہ انہوں نے انتخابی اصلاحات کے حوالے سے اپنی تجاویز پارلیمانی کمیٹی کے حوالے کردی ہیں۔

عمران خان نے کہا کہ 'ہم نے آرمی چیف کو بتایا کہ الیکشن میں جمہوریت نہیں ہے بلکہ شفاف الیکشن میں جمہوریت ہے'۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ 'اس پر انہوں نے کہا کہ ہم بھی پوری مدد کریں گے'۔

خیال رہے کہ عمران خان نے یکم اپریل 2017 کو آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کی تھی۔

مزید پڑھیں: 'آرمی چیف سے ملاقات عمران خان کی خواہش تھی'

ایک روز بعد ہی عمران خان نے ایک تقریب کے دوران ’خوش خبری‘ سناتے ہوئے کہا تھا کہ آرمی چیف پاکستان میں جمہوریت کے ساتھ کھڑے ہیں۔

عمران خان کی آرمی چیف سے ملاقات اور اس بیان پر سیاسی تجزیہ کاروں نے حیرانی کا اظہار کیا تھا اور یہ چہ مگوئیاں شروع ہوگئی تھیں کہ آخر عمران خان اور آرمی چیف کی ملاقات کے دوران اصل میں کیا گفتگو ہوئی ہوگی۔