پاکستان

کلبھوشن کیس: لاہور ہائی کورٹ بار کی وکلا کوتنبیہ

وکلا عدالت سے سزا پانے والے مجرم کلبھوشن یادیو کی رہائی کی اجازت نہیں دیں گے،لاہور ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن

لاہور ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن نے فوجی عدالت کی جانب سے سزائے موت پانے والے بھارتی جاسوس کلبھوش یادیو کا کیس لینے سے وکلا کو خبردار کردیا۔

لاہور ہائی کورٹ بارایسوسی ایشن کے سیکرٹری عامر سعید ران کا کہنا تھا کہ فوجی عدالت کی جانب سے موت کی سزا پانے والے کلبھوشن یادیو کی اپیل کی پیروی کرنے والے وکیل کے خلاف کارروائی اور رکنیت کو ختم کرنے کابھی فیصلہ کیا جا چکا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ’کلبھوشن کیلئے 14ویں بار قونصلر رسائی مانگی ہے‘

ان کا کہنا تھا کہ بھارت کلبھوشن یادیو کو اپنا بیٹا کہہ رہا ہے اور اس کی رہائی کے لیے پاکستانی حکومت پر دباؤ ڈال رہا ہے۔

عامرسعید ران کا کہنا تھا کہ وکلا، کلبھوش یادیو کی رہائی کی اجازت نہیں دیں گے جن کو معصوم پاکستانیوں کی جانوں سے کھیلنے کے جرم میں سزا سنائی جاچکی ہے۔


یہ خبر 15 اپریل 2017 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی