کھیل

ٹائے اور اوپنرز کی بدولت گجرات کی فتح

اینڈریو ٹائے اور اوپنرز کی شاندار کارکردگی کی بدولت گجرات لائنز نے رائزنگ پونے سپر جائنٹس کو شکست دے دی۔

انڈین پریمیئر لیگ(آئی پی ایل) میں اینڈریو ٹائے اور اوپنرز کی شاندار کارکردگی کی بدولت گجرات لائنز نے رائزنگ پونے سپر جائنٹس کو باآسانی سات وکٹ سے شکست دے دی۔

گجرات لائنز نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تو اجنکیا راہانے کے پہلی ہی اوور میں آؤٹ ہونے کے باوجود رائزنگ پونے سپر جائنٹس کی ٹیم نے بیٹنگ کیلئے سازگار وکٹ پر کپتان اسٹیون اسمتھ اور راہل تری پاتھی کی جارحانہ بیٹنگ کی بدولت پاور پلے میں 64 رنز بنا لیے لیکن پاور پلے کے اختتام سے ایک گیند قبل ہی تری پاتھی 33 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔

اس کے پونے کی وکٹیں وقتاٍ فوقتاً گرتی رہیں اور کوئی بھی کھلاڑی بڑی اننگز کھیلنے میں ناکام رہا۔

اسمتھ 43، بین اسٹوکس 25، منوج تیواری 31 اور انکت شرما 25 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، مہندرا سنگھ دھونی کی ناکامیوں کا سلسلہ لگاتار چوتھے میچ میں بھی جاری رہا اور وہ صرف پانچ رنز بنا سکے۔

مزید پڑھیں: پولارڈ نے بدری کی ہیٹ ٹرک پر پانی پھیر دیا

پونے نے مقررہ اوورز میں آٹھ وکٹ کے نقصان پر 171 رنز بنائے لیکن اس اننگز کی خاص بات اینڈریو ٹائی کی ہیٹ ٹرک تھی جنہوں نے عمدہ باؤلنگ کرتے ہوئے 17 رنز کے عوض پانچ وکٹیں لیں۔

یہ آج کے دن آئی پی ایل میں ہونے والی دوسری ہیٹ ٹرک تھی جہاں اس سے قبل رائل چیلنجرز بنگلور کے سیمیول بدری نے ممبئی انڈینز کے خلاف میچ میں لگاتار تین گیندوں پر تین وکٹیں لینے کا کارنامہ انجام دیا تھا۔

جواب میں گجرات کے اوپنرز برینڈن میک کولم اور ڈیوین اسمتھ نے اپنی ٹیم کو نو اوورز میں 94 رنز کا آغاز فراہم کر کے مقابلے کو یکطرفہ بنا دیا۔

اس موقع پر گجرات کی ٹیم یکے بعد دیگرے تین وکٹوں سے محروم ہوئی لیکن آئی پی ایل میں اپنا 150واں میچ کھیلنے والے گجرات کے کپتان سریش رائنا اور اور ایرون فنچ نے مزید کوئی وکٹ گنوائے اپنی ٹیم کو دو اوورز قبل ہی سات وکٹ کی شاندار فتح سے ہمکنار کرا دیا۔

گجرات کی جانب سے میک کولم نے 49، اسمتھ نے 47، رائنا نے 35 اور ایرون فنچ نے 33 رنز بنائے۔

ہیٹ ٹرک سمیت پانچ وکٹیں لینے والے آسٹریلیا سے آئے باؤلر اینڈریو تائی کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔