لاڑکانہ: اے ایس آئی کی فائرنگ سے کانسٹیبل ہلاک
صوبہ سندھ کے ضلع لاڑکانہ کے شہر موئن جو داڑو میں اسسٹنٹ سب انسپکٹر (اے ایس آئی) پولیس خان محمد جونیجو کی فائرنگ سے پولیس کانسٹیبل صدرالدین جونیجو ہلاک ہوگئے۔
فائرنگ کا یہ واقعہ موئن جو داڑو کے نزدیک واقع فتح پور پولیس اسٹیشن کی حدود میں پیش آیا جبکہ قتل ہونے والا اہلکار لاشاری تھانے میں تعینات تھا۔
کانسٹیبل صدرالدین جونیجو کی ڈیوٹی لاڑکانہ میں جاری ضمنی انتخابات میں یو سی کرانی کے ایک پولنگ اسٹیشن میں تھی۔
فتح پور تھانے کے اسٹیشن ہاؤس آفیسر (ایس ایچ او) نور احمد مغیری نے مقامی صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ سینئر اہلکار نے کانسٹیبل کو ’شادی‘ کے معاملے پر قتل کیا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ زخمی اہلکار کو لاڑکانہ کے چانڈکا ہسپتال لے جایا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے اس کی موت کی تصدیق کردی۔
فائرنگ میں ملوث اے ایس آئی کو حراست میں لے لیا گیا ہے جبکہ اب تک واقعے کی ایف آئی آر درج نہیں کی جاسکی۔
واضح رہے کہ لاڑکانہ سمیت سندھ کے مختلف اضلاع سکھر، بدین، جیکب آباد میں بلدیاتی ضمنی انتخابات جاری ہیں۔