پاکستان

پاکستان کی طویل قامت خاتون کیلئے 20 لاکھ کی امداد

وزیر اعظم کی جانب سے بھیجا جانے والا امدادی چیک ڈپٹی کمشنر معظم اقبال سپرا نے زینب بی بی کے حوالے کیا۔
|

ٹوبہ ٹیک سنگھ: وزیر اعظم نواز شریف نے پاکستان کی طویل قامت اور 2003 میں دنیا کی سب سے لمبی خاتون کا اعزاز پانے والی خاتون زینب بی بی کے لیے 20 لاکھ کا امدادی چیک بھجوا دیا۔

ٹوبہ ٹیک سنگھ سے 14 کلومیٹر کے فاصلے پر موجود علاقے رجانہ کی رہائشی زینب بی بی نے چند روز قبل اپنے گھر میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے بتایا تھا کہ انہوں نے وزیر اعظم نواز شریف سے اس وقت سعودی عرب میں ملاقات کی تھی، جب وہ جلاوطنی کی زندگی گزار رہے تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ ’نواز شریف نے مجھ سے وعدہ کیا تھا کہ وہ برسر اقتدار آنے کے بعد میرا سرکاری وظیفہ مقرر کریں گے، مگر وہ اپنا وعدہ بھول گئے۔‘

تاہم بدھ کے روز وزیر اعظم نے زینب بی بی کے لیے 20 لاکھ روپے کا امدادی چیک بھجوایا، جو ڈپٹی کمشنر معظم اقبال سپرا نے زینب بی بی کے حوالے کیا۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان کی طویل قامت خاتون کی مشکلات

زینب بی بی نے امدادی چیک ملنے پر وزیر اعظم نواز شریف کا شکریہ ادا کیا۔

22 سال کی عمر میں زینب بی بی کا قد 7 فٹ 2 انچ تھا۔

زینب بی بی 1998 میں اُس وقت معروف ہوئیں جب وہ پاکستان ٹیلی وژن (پی ٹی وی) کے پروگرام نیلام گھر میں شامل ہوئیں، جبکہ 2003 میں انہیں دنیا کی طویل قامت والی خاتون قرار دے کر ان کا نام گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں شامل کیا گیا۔

زینب بی بی برطانیہ، فرانس، جرمنی اور سعودی عرب سمیت 15 ممالک کا دورہ کر چکی ہیں، انہوں نے اندرون و بیرون ملک عوامی تقریبات میں شرکت کرکے پیسے بھی بنائے۔

زینب بی بی نے 2008 میں برطانیہ میں سیاسی پناہ کے لیے درخواست بھی دی، مگر ان کی درخواست مسترد کردی گئی۔