پاکستان میں پکڑے جانے والے بھارتی جاسوس
کلبھوشن یادیو پاکستان میں جاسوسی کے الزام میں گرفتار اور سزا پانے والے جاسوسوں کی فہرست میں تازہ اضافہ ہے البتہ ماضی میں بھی پاکستان اور بھارت ایک دوسرے کے جاسوسوں کو گرفتار کرکے ان پر مقدمات چلاتے رہے ہیں۔
سربجیت سنگھ
پاکستانی حکام نے اگست 1990 میں سربجیت سنگھ کو گرفتار کیا تھا، اس وقت بھارت نے موقف اختیار کیا تھا کہ 27 سالہ سربجیت سنگھ اپنے کھیتوں پر ہل چلاتے ہوئے غلطی سے سرحد پار کرگیا۔
سربجیت کو فیصل آباد، ملتان اور لاہور میں 4 بم دھماکے کرانے کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا جس میں 14 پاکستانی شہری ہلاک ہوئے تھے اور بعد میں اسے سزائے موت سنادی گئی تھی۔
یہ بھی پڑھیں: بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کو سزائے موت سنا دی گئی
26 اپریل 2013 میں کوٹ لکھپت جیل میں جیل میں دیگر دو قیدیوں نے سربجیت سنگھ پر حملہ کردیا تھا جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہوگیا تھا اور اسے لاہور کے جناح ہسپتال میں داخل کردیا گیا تھا تاہم وہ 2 مئی 2013 کو چل بسا تھا۔
بھارتی حکومت نے سربجیت سنگھ کی لاش بھارت پہنچنے کے بعد سرکاری اعزاز کے ستاھ تدفین کا انتظام کیا تھا۔