دنیا

جب نیوز کاسٹرنے اپنے شوہر کے ہلاک ہونے کی خبر دی

سپریت کور نے لاعلمی میں اپنے ہی شوہر کے روڈ حادثے میں ہلاک ہونے کی خبر بریک کی۔

رائے پور: بھارت کی ریاست چھتیس گڑہ کے ایک مقامی ٹی وی چینل کی خاتون نیوز کاسٹر اس وقت پھوٹ پھوٹ کر رونے لگیں، جب انہوں نے چند منٹ پہلے ہی لاعلمی میں اپنے شوہر کے ہلاک ہونے کی خبر بریک کی۔

ہندی چینل آئی بی سی 24 چینل کی 28 سالہ نیوز کاسٹر سپریت کور نے صبح 10 بجے کے بلیٹن کے دوران ایک روڈ حادثے کی بریکنگ خبر پڑھی۔

اس حادثے میں ہلاک ہونے والے 3 افراد میں سے ایک ان کے شوہر بھی تھے۔

خبر پڑھتے وقت خاتون کو شبہ ہوا، اور انہوں نے تصدیق کرنے کے لیے رپورٹر سے ہلاک ہونے والے افراد کے نام پوچھے، مگر رپورٹر نے فوری طور پر ناموں کی تصدیق سے معذرت کرتے ہوئے صرف ہلاکتوں کی تصدیق کی۔

بھارتی اخبار انڈین ایکسپریس نے خبر میں آئی بی سی چینل کے نیوز ایڈیٹر کے حوالے سے بتایا کہ سپریت کور کو خبر بریک کرنے کے 10 منٹ کے بعد اہل خانہ کا فون آیا کہ ان کے شوہر روڈ حادثے میں ہلاک ہوچکے ہیں۔

اپنے شوہر کی ہلاکت کی خبر پڑھنے اور خاندان والوں کی جانب سے تصدیق کیے جانے کے بعد نیوز اینکر اسٹوڈیو میں ہی رونے لگیں۔

خیال رہے کہ نیوز کاسٹر کے شوہر کو چھتیس گڑھ کے ضلع مہاسا مند کے علاقے پتھورا میں روڈ حادثہ پیش آیا۔

پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والے 3 افراد کی گاڑی کو ٹرک یا کسی اور بھاری گاڑی نے پیچھے سے ٹکر ماری، حادثے میں 2 افراد زخمی بھی ہوئے، جنہیں علاج کے لیے ہسپتال منتقل کردیا گیا۔

لاعلمی میں اپنے ہی شوہر کی ہلاکت کی خبر پڑھنے والی نیوز کاسٹر کو دنیا بھر کے صحافی بہادر صحافی کا خطاب دے رہے ہیں۔