کے-الیکٹرک کے خلاف جماعت اسلامی کا دھرنا
کراچی : ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی کو بجلی کی ترسیل کرنے والے ادارے کے-الیکٹرک کی مبینہ زائد بلنگ اور لوڈ شیڈنگ کے خلاف جماعت اسلامی نے دھرنا دے دیا۔
جماعت اسلامی کی جانب سے کے الیکٹرک کے ہیڈ آفس کے سامنے دھرنے میں ہر عمر کے افراد شریک ہوئے۔
جماعت اسلامی کی قیادت نے دعویٰ کیا کہ کے الیکٹرک شہریوں کو زائد بل بھیج رہی ہے جبکہ لوڈشیڈنگ نے شہر قائد کے باسیوں کی مشکلات بڑھادی ہیں۔
جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ کوئی سیاسی جماعت کے الیکٹرک کے خلاف بات نہیں کرتی، یہی وجہ ہے کہ شنوائی نہ ہونے پر کے الیکٹرک کے ہیڈ آفس کے باہر دھرنا دیا گیا۔
امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ کراچی کا سب سے بڑا مسئلہ کے الیکٹرک ہے، فیول ایڈجسٹمنٹ اور اوور بلنگ کے نام پر عوام کا پیسہ کھایا گیا جبکہ وفاق نے اس مسئلے کو حل کرنے کی کوئی کوشش نہیں کی۔