سائنس و ٹیکنالوجی

واٹس ایپ سے بہت جلد پیسے بھیجنا ہوگا ممکن

بہت جلد آپ اس سروس سے پیسے بھی اپنے دوستوں کو منتقل کرسکیں گے۔

واٹس ایپ کو اس وقت دنیا بھر میں لگ بھگ سوا ارب افراد استعمال کررہے ہیں اور بہت جلد آپ اس سروس سے پیسے بھی اپنے دوستوں کو منتقل کرسکیں گے۔

جی ہاں واٹس ایپ میں بہت جلد ڈیجیٹل پیمنٹ سسٹم کا فیچر متعارف کرائے جانے کا امکان ہے۔

واٹس ایپ کی جانب سے اس سروس کے لیے یونیفائیڈ پیمنٹ انٹرفیس (یو پی آئی) کو استعمال کیا جائے گا اور یہ فیچر رواں سال کسی بھی وقت سامنے لائے جائے گا۔

اس مقصد کے لیے واٹس ایپ نے اپنی ویب سائٹ پر ملازمت کا اشتہار بھی دیا ہے جس میں یو پی آئی کی سمجھ رکھنے کی اہلیت کا ذکر کیا گیا ہے۔

یہ سروس سب سے پہلے بھارت میں متعارف کرائے جائے گی جس کے بعد اسے دیگر ممالک تک توسیع دیئے جانے کا امکان ہے۔

واٹس ایپ نے اس حوالے سے کوئی تصدیق یا تردید تو نہیں کی مگر اس ایپ کے شریک بانی برائن ایکٹن نے اشارہ دیا ہے کہ اس طرح کا فیچر تیاری کے مراحل سے گزر رہا ہے۔

واضح رہے کہ فیس بک جس کے پاس واٹس ایپ کی ملکیت ہے، اس سے پہلے میسنجر میں بھی یہ سروس متعارف کرا چکی ہے تاہم اب تک وہ پاکستان میں دستیاب نہیں۔

خیال رہے کہ حالیہ مہینوں میں واٹس ایپ میں کئی تبدیلیاں متعارف کرائی گئی تاکہ دنیا بھر میں اس ایپ کی مقبولیت کو برقرار رکھا جاسکے۔

اپنے نئے اسٹیٹس کے ساتھ انہوں نے ٹیکسٹ اسٹیٹس کو بھی دوبارہ متعارف کرایا۔

اسی طرح واٹس ایپ میں لینڈ اسکیپ موڈ کی آزمائش کی بھی اطلاعات ہیں جو کہ پہلی بار ہے کیونکہ اب تک اس میں پورٹریٹ موڈ کو استعمال کیا گیا ہے۔