پاکستان

ایک اور ’راحیل’ کی حمایت میں 'پراسرار' پوسٹرز

رحیم یار خان میں راحیل منیر کی حمایت میں پوسٹرز آویزاں کیے گئے، جو وزیراعظم کی صاحبزادی مریم صفدر کے داماد ہیں۔

رحیم یار خان: گزشتہ برس ملک کے بڑے شہروں میں جنرل راحیل شریف کی حمایت میں 'پراسرار' پوسٹرز آویزاں کیے گئے تھے اور اب کچھ ایسے ہی پوسٹرز رحیم یار خان میں آویزاں نظر آئے۔

تاہم ان پوسٹرز میں اس بار راحیل منیر کی تصویریں ہیں، جو وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم صفدر کے داماد اور بااثر کاروباری شخصیت چوہدری منیر کے بیٹے ہیں۔

رحیم یار خان کے سیکڑوں بجلی اور فون کے کھمبوں پر رحیم منیر کی حمایت میں پوسٹرز لگائے گئے، تاہم ابھی تک یہ معمہ ہی بنا ہوا ہے کہ یہ پوسٹرز کس نے آویزاں کیے، پوسٹرز پر 'مسلم لیگ کو بچانا ہے، راحیل منیر کو لانا ہے' اور 'ایک نظریہ، ایک سوچ' جیسے نعرے درج ہیں، یہ پوسٹرز شہریوں کے درمیان بحث کا موضوع بن چکے ہیں۔

راحیل منیر، مریم نواز کے داماد ہیں—۔فوٹو/ملک عرفان حق

حکمران جماعت مسلم لیگ (ن) کے ضلعی صدر میاں خالد شاہین نے راحیل منیر کی سیاست میں دلچسپی کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ حلقہ این اے 196 کی نامزدگی کے لیے وہ سب سے بہترین انتخاب ثابت ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ لوگ موجودہ ضلعی قیادت کی کارکردگی سے کافی مایوس ہیں۔

دوسری جانب تاجر رہنما بوٹا طاہر کا کہنا تھا کہ 'راحیل منیر نہ صرف رکن قومی اسمبلی بنیں گے بلکہ وہ مستقبل کے وزیراعظم ہوں گے'۔

سیٹلائٹ ٹاؤن کے رہائشی مسعود خالد نے اس حوالے سے کہا کہ نوجوان راحیل منیر کی آمد سے شہر کو فائدہ پہنچے گا۔

مزید پڑھیں: 'اور نہیں کچھ ۔۔۔ بس پاکستان'، آرمی چیف کی حمایت میں نئے بینرز

حزب اختلاف کے رہنما بھی نوجوان راحیل منیر کے حوالے سے مثبت رائے رکھتے ہیں۔

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما رانا راحیل خان نے کہا کہ کسی بھی حلقے سے انتخابات لڑنے کا ہر شخص کو حق حاصل ہے اور انتخابی مرحلے میں ان کی شمولیت ایک مثبت تبدیلی ثابت ہوگی۔

راحیل کے والد چوہدری منیر نے کہا کہ وہ نہیں جانتے کہ رحیم یار خان کے لوگوں نے اس مہم کا آغاز کیوں کیا۔

اگرچہ چوہدری منیر نے انتخابات میں کبھی حصہ نہیں لیا مگر وہ ضلع کے قومی اسمبلی کے 6 حلقوں اور صوبائی اسمبلی کے 13 حلقوں میں غیر معمولی کردار ادا کرتے ہیں۔


یہ خبر 6 اپریل 2017 کے ڈان اخبار میں شائع ہوئی