پاکستان

کراچی میں فائرنگ، فوج کے سابق افسر جاں بحق

بلوچ کالونی پل کےقریب کار پرفائرنگ کےنتیجے میں 60سالہ کرنل (ر) طاہر ضیاء جاں بحق جبکہ ایک راہگیر زخمی ہوا، پولیس ذرائع
|

کراچی: شہر قائد کے علاقے بلوچ کالونی میں نامعلوم افراد کی فائرنگ کے نتیجے میں پاک فوج کے ایک سابق افسر جاں بحق ہوگئے۔

پولیس ذرائع کے مطابق موٹر سائیکل پر سوار نامعلوم افراد نے بلوچ کالونی پل کے قریب ایک کار پر فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں کار میں سوار 60 سالہ ریٹائرڈ کرنل طاہر ضیاء جاں بحق جبکہ ایک راہگیر زخمی ہوگیا۔

زخمی شخص کو طبی امداد کے لیے جناح ہسپتال منتقل کردیا گیا، جہاں اس کی حالت خطرے سے باہر بتائی گئی۔

جناح ہسپتال کے شعبہ حادثات کی سربراہ ڈاکٹر سیمی جمالی کا کہنا تھا کہ مقتول کی موت سر میں گولی لگنے سے واقع ہوئی۔

مزید پڑھیں: کراچی میں فائرنگ سے ریٹائرڈ فوجی افسر،بھتیجا زخمی

پولیس کے مطابق ملزمان نے 9 ایم ایم پستول سے فائرنگ کی اور واقعے کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس جائے وقوع پر پہنچی اور شواہد اکٹھے کرکے تفتیش کا آغاز کردیا گیا۔

ابتدائی تحقیقات میں پولیس کا کہنا ہے کہ بظاہر واقعہ ڈکیتی کی واردات لگتی ہے، تاہم مختلف پہلوؤں سے تفتیش جاری ہے۔

جبکہ گولیوں کے خول فرانزک ٹیسٹ کے لیے لیبارٹری بھجوا دیئے گئے۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی: سابق فوجی افسر کی مبینہ خودکشی

ذرائع کے مطابق جاں بحق ہونے والے ریٹائرڈ کرنل طاہر فوجی فاؤنڈیشن میں جوانوں کو تربیت دیتے تھے۔

گذشتہ برس اپریل میں بھی کراچی کے علاقے گلشن اقبال میں گاڑی پر فائرنگ کے نتیجے میں میجر (ر) جمیل کیانی اور ان کے بھتیجے جبران کیانی زخمی ہوگئے تھے۔