لاہور: مردم شماری ٹیم پر خودکش حملہ، 5 فوجی شہید
صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں بیدیاں روڈ پر مردم شماری ٹیم پر ہونے والے خودکش حملے کے نتیجے میں پاک فوج کے 4 جوانوں اور ایک آف ڈیوٹی ایئرفورس اہلکار سمیت 6 افراد جاں بحق جبکہ 19 زخمی ہوگئے۔
پنجاب حکومت کے ترجمان ملک احمد خان نے میڈیا سے گفتگو میں تصدیق کی کہ مانا والا چوک کے قریب ہونے والا دھماکا خودکش تھا جس میں مردم شماری کے عملے کو نشانہ بنایا گیا۔
خیال رہے کہ مانا والا چوک پر ہونے والے اس دھماکے کو ابتدائی طور پر وین میں سلینڈر دھماکا قرار دیا گیا تھا تاہم پنجاب حکومت کے ترجمان نے دھماکے کے خودکش ہونے کی تصدیق کردی۔
واضح رہے کہ طویل تاخیر اور کئی سیاسی و انتظامی پیچیدگیوں کا سامنا کرنے کے بعد ملک میں 19 سال بعد 15 مارچ سے مردم شماری کا آغاز ہوا ہے۔
مردم شماری کا پہلا مرحلہ 15 اپریل تک مکمل ہوجائے گا، جبکہ دوسرے مرحلے کا آغاز 25 اپریل سے ہوگا جو 25 مئی تک جاری رہے گا۔