پاکستان

1965 کی جنگ کے ہیرو ایئرمارشل عظیم داؤد پوتا انتقال کرگئے

انتقال کے وقت ایئر مارشل عظیم داؤد پوتا کی عمر 84 برس تھی، وہ سندھ کے گورنر کے عہدے پر بھی فائز رہے، ترجمان پاک فضائیہ

1965 کی پاک-بھارت جنگ میں کارہائے نمایاں سر انجام دینے والے ایئرمارشل عظیم داؤد پوتا مختصر علالت کے بعد کراچی میں انتقال کر گئے۔

انتقال کے وقت ایئر مارشل عظیم داؤد پوتا کی عمر 84 برس تھی—۔فوٹو/ بشکریہ پاک فضائیہ

ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق انتقال کے وقت ایئر مارشل عظیم داؤد پوتا کی عمر 84 برس تھی۔

ترجمان کے مطابق پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل سہیل امان نے قومی ہیرو عظیم داؤد پوتا کی وفات پر گہرے رنج کا اظہار کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ ایک جری پائلٹ، امتیازی اسکالر، ایک محبِ وطن پاکستانی اور اپنے پیشے کے ساتھ مخلص عظیم داؤد پوتا نہ صرف پاک فضائیہ کے ایئرمینوں بلکہ دنیا بھر کے مسلمانوں کے لیے ایک مشعلِ راہ اور قابل تقلید ماڈل کا درجہ رکھتے تھے۔

ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق عظیم داؤد پوتا نے 16 دسمبر 1955 کو پاکستان ایئرفورس میں شمولیت اختیار کی۔

1965 کی پاک-بھارت جنگ کے دوران اسکواڈرن لیڈر عظیم داؤد پوتا نے واہگہ اٹاری سیکٹر پر بمباری کرکے دشمن کی توپوں کو خاموش کروا دیا تھا، اس بہادری پر انہیں ستارۂ جرأت سے نوازا گیا۔

ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق ایئر مارشل عظیم داؤد پوتا 1983 میں ایئرفورس آف زمبابوے کے غیر مقامی کمانڈر بنے، ان کی خدمات پر زمبابوے کے صدر رابرٹ موگابے نے انہیں اپنے وطن کے دوسرے بڑے اعزاز 'زمبابوے آڈر آف میرٹ' سے نوازا۔

ایئر مارشل عظیم داؤد پوتا اکتوبر 1999 سے 24 مئی 2000 تک سندھ کے گورنر بھی رہے۔