ایل او سی پر بھارتی فائرنگ سے ایک شہری زخمی
بھارتی فوج نے ایک بار پھر لائن آف کنٹرول پر سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بلااشتعال فائرنگ کی جس کے نتیجے میں ایک نوجوان زخمی ہوگیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق بھارتی فوج نے لائن آف کنٹرول کے چری کوٹ سیکتر پر بلا اشتعال فائرنگ کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی فائرنگ کے نتیجے میں ایک شہری عتیق قریشی ولد خلیل قریشی زخمی ہوگیا۔
ترجمان آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج نے بھارتی فائرنگ کا مؤثر اور بھرپور جواب دیا۔
یہ بھی پڑھیں: کنٹرول لائن پر بھارتی فائرنگ سے 60 سالہ خاتون جاں بحق
علاوہ ازیں دفتر خارجہ نے بھارت کی جانب سے ایل او سی پر بلااشتعال فائرنگ کی شدید مذمت کی ہے۔
دفتر خارجہ کے ترجمان نفیس زکریا نے کنٹرول لائن پر سیزفائر معاہدے کی خلاف ورزی کے حوالے سے جاری اپنے بیان میں کہا کہ سیز فائر کی خلاف ورزی قابل مذمت ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایسی خلاف ورزیوں سے خطے کا امن خطرے میں پڑ سکتا ہے لہٰذا بھارت ایسے اقدامات سے باز رہے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل مارچ کے مہینے میں بھی بھارت کی جانب سے بلااشتعال فائرنگ کا سلسلہ جاری رہا تھا،18 مارچ کو بھارتی فورسز نے لائن آف کنٹرول کے کوٹ کہتیرا سیکٹر پر بلااشتعال فائرنگ کی جس کے نتیجے میں ایک 60 سالہ خاتون جاں بحق ہوگئی تھیں۔
12 مارچ کو بھی بھارتی فورسز کی فائرنگ کے نتیجے میں گاوَں چفہ کا رہائشی 60 سالہ بزرگ اور ایک 15 سالہ لڑکی زخمی ہوگئی تھی۔
9 مارچ کو بھی لائن آف کنٹرول پر بھارتی فوج کی بلا اشتعال فائرنگ کے نتیجے میں ایک پاکستانی خاتون زخمی ہوئی تھیں۔
مزید پڑھیں: غلطی سے سرحد پارکرنیوالی خاتون بھارتی فوج کی فائرنگ سے جاں بحق
اس سے قبل گزشتہ ماہ 26 فروری کو بھی آزاد جموں و کشمیر کے ضلع کوٹلی میں بھارتی فوج کی بلا اشتعال فائرنگ سے 4 خواتین زخمی ہوئی تھیں۔
14 فروری کو لائن آف کنٹرول پر تھوب سیکٹر میں بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ کےنتیجے میں 3 پاکستانی فوجی شہید ہوگئے تھے۔
یاد رہے کہ پاکستان اور ہندوستان کے تعلقات میں اڑی حملے کے بعد سے کشیدگی پائی جاتی ہے اور ہندوستان کی جانب سے متعدد مرتبہ لائن آف کنٹرول اور ورکنگ باونڈری کی خلاف ورزی کی جاچکی ہے۔