پاکستان

سیہون کے قریب ٹرین کی 4 بوگیوں میں آتشزدگی

خوشحال خان خٹک کی دیگر بوگیوں کو ٹرین سے علیحدہ کرکے متاثرہ بوگیوں کے مسافروں کو باحفاظت نکال لیا گیا، ریلوے حکام

سیہون کے قریب کراچی سے پشاور جانے والی خوشحال خان خٹک ایکسپریس کی چار بوگیوں میں آگ لگ گئی۔

ڈان نیوز کے مطابق متاثرہ ٹرین کراچی سے پشاور جارہی تھی کہ سیہون کے علاقے لعل باغ کے قریب پہنچی تو اس کی ایک بوگی میں نامعلوم وجوہات کی بنا پر آگ بھڑک اٹھی۔

ڈرائیور نے ٹرین کو روک لیا اور متاثرہ بوگی کے تمام مسافروں کو اتار لیا گیا تاہم آگ نے دیکھتے ہی دیکھتے مزید ایک بوگی کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔

پولیس، رینجرز اور ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچیں اور بوگیوں کو ٹرین سے علیحدہ کرنے کے کام کا آغاز کردیا اور ساتھ ہی سیہون سے فائربریگیڈ کے عملے کو بھی طلب کرلیا گیا۔

مزید پڑھیں: شیخوپورہ: ٹرین اور آئل ٹینکر میں تصادم، 2 افراد ہلاک

مسافروں کے مطابق فائر بریگیڈ کی گاڑیاں دیر سے پہنچی اور آگ مزید پھیل گئی، اور مجموعی طور پر 4 بوگیوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔

ریلوے حکام کے مطابق خوشحال خان خٹک کی بوگی میں آتشزدگی شاٹ سرکٹ کے باعث ہوئی تاہم اس میں کسی بھی قسم کے جانی نقصان کی اطلاعات نہیں ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ متاثرہ بوگیوں کو الگ کر کے ٹرین کو اس کی منزل کی جانب روانہ کردیا جائے گا۔

دوسری جانب نجی ٹی وی نے اپنی ایک رپورٹ میں دعوی کیا کہ ٹرین میں آگ لگنے کے باعث ایک شخص جاں بحق اور متعدد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں تاہم ریلوے حکام نے ابتدائی طور پر ان خبروں کی تصدیق نہیں کی۔

خیال رہے کہ رواں ہفتے کے آغاز میں صوبہ پنجاب کے علاقے شیخوپورہ میں ہرن مینار کے قریب مسافر ٹرین اور آئل ٹینکر کے درمیان تصادم کے بعد ٹرین کی پہلی پانچ بوگیوں میں آگ بھڑک اٹھی تھی، جس کے نتیجے میں ٹرین ڈرائیور سمیت 2 افراد ہلاک جبکہ 10 مسافر زخمی ہوگئے تھے۔