پاکستان

آرمی چیف جنرل باجوہ سے عمران خان کی ملاقات

آرمی چیف اور عمران خان کی ملاقات میں مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، آئی ایس پی آر
|

راولپنڈی: چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ سے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے ملاقات کی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف اور عمران خان کی ملاقات میں مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

بیان میں کہا گیا کہ عمران خان نے جنرل قمر جاید باجوہ کو آرمی چیف کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی۔

یہ بھی پڑھیں: جنرل قمر باجوہ نے پاک فوج کی کمان سنبھال لی

یاد رہے کہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے 29 نومبر 2016 کو پاک فوج کی قیادت سنبھالی تھی۔

عمران خان کی جانب سے انہیں عہدہ سنبھالنے کی مبارکباد تقریباً 4 ماہ بعد دی گئی۔

پی ٹی آئی کے میڈیا سیل سے جاری بیان کے مطابق آرمی چیف اور عمران خان کے درمیان گھنٹہ بھر جاری رہنے والی ملاقات میں ملکی سلامتی کی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات میں خطے کی صورتحال اور بین الاقوامی حالات پر بھی تفصیلی گفتگو ہوئی، جبکہ دہشت گردی کی تازہ لہر اور اس کے انسداد کے امکانات پر بھی غور کیا گیا۔

بیان میں کہا گیا کہ ملاقات میں داخلی طور پر بے گھر آبادی کی قبائلی علاقوں میں آباد کاری پر بھی بات چیت کی گئی، جبکہ افغان مہاجرین کی وطن واپسی اور قیام سے متعلق امور پر خصوصی تبادلہ خیال کیا گیا۔

صدر ممنون حسین نے 26 نومبر کو وزیراعظم نواز شریف کی تجویز پر لیفٹننٹ جنرل زبیر محمود حیات اور لیفٹننٹ جنرل قمر جاوید باجوہ کو جنرل کے عہدے پر ترقی دینے کی منظوری دی تھی جس کے بعد لیفٹیننٹ جنرل زبیر محمود حیات کو چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جبکہ لیفٹیننٹ جنرل قمر جاوید باجوہ کو نیا آرمی چیف مقرر کیا گیا تھا۔