پاکستان

جنوبی سوڈان میں اغوا ہونے والے پاکستانی انجینئر بازیاب

جنوبی سوڈان اور چین کی کوششوں سے ایاز خان جمالی کو بازیاب کرایا گیا، ترجمان دفتر خارجہ کی تصدیق
|

افریقا کے ملک جنوبی سوڈان کی آئل فیلڈ سے حکومت مخالف باغیوں کے ہاتھوں اغوا ہونے والے پاکستانی انجینئر ایاز جمالی کو بازیاب کرا لیا گیا۔

جنوبی سوڈان کے دارالحکومت جوبا میں مقیم ایاز جمالی کے چھوٹے بھائی بابر جمالی نے ضلع بدین میں مقیم اہلخانہ کو ایاز کی بازیابی کی اطلاع دی۔

ایاز جمالی کی چھوٹی بہن عابدہ جمالی نے ڈان سے بات کرتے ہوئے اپنے بھائی کی بازیابی کی تصدیق کرتے ہوئے پاکستانی حکومت، ریڈ کریسنٹ، چین اور میڈیا کا شکریہ ادا کیا۔

پاکستانی دفتر خارجہ کے ترجمان نفیس زکریا نے بھی ایاز جمالی کی بازیابی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ جنوبی سوڈان اور چین کی کوششوں سے ایاز خان جمالی کو بازیاب کرایا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: جنوبی سوڈان میں پاکستانی انجینئر 'اغوا'

واضح رہے کہ انجینئر ایاز جمالی کو دو ہفتے قبل جنوبی سوڈان میں حکومت مخالف باغیوں نے اغوا کیا تھا۔

ایاز جمالی کے رشتہ داروں نے مقامی صحافیوں کو بتایا تھا کہ ایاز کا چھوٹا بھائی بابر جمالی بھی جنوبی سوڈان میں موجود ہے اور اس نے اہل خانہ کو مطلع کیا ہے کہ ایاز جمالی کو ایک ہفتے قبل اغواء کرلیا گیا ہے۔

مزید پڑھیں: پاکستانی انجینئر کا اغوا،دفتر خارجہ نے تحقیقات شروع کردیں

پاکستانی دفتر خارجہ نے پاکستانی انجینئر کے اغوا کے معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے بیان میں کہا کہ معاملے کی تحقیقات کی جارہی ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ جنوبی سوڈان میں ہمارا سفارتی مشن موجود نہیں اور ایتھوپیا میں موجود پاکستانی سفارتخانہ اس معاملے میں جنوبی سوڈان کی حکومت سے رابطے میں ہے جو ہمیں اس واقعے کی مزید تفصیلات فراہم کرے گا۔