پاکستان

بے بنیاد الزام نشر کرنے پر ’نیو ٹی وی‘ کو نوٹس

نجی چینل کے پروگرام میں مہمان کی جانب سے پاک فضائیہ کے اہلکاروں پر ان کے بھائی کو اغوا کرنے کا الزام لگایا گیا تھا۔

اسلام آباد: پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) نے نجی چینل ’نیو ٹی وی‘ کو پروگرام ’خبر کے پیچھے‘ میں بے بنیاد الزام نشر کرنے پر جوابدہی کا حکم دے دیا۔

نیو ٹی وی کے 27 مارچ کو نشر ہونے والے مذکورہ پروگرام کی میزبانی فواد چوہدری کر رہے تھے۔

اس پروگرام میں ایک مہمان ریاض حسین کی جانب سے الزام لگایا گیا کہ اُن کے مغوی بھائی شیراز خان کو پاکستان ائیر فورس کے اہلکاروں نے اغواء کیا۔

یہ بھی پڑھیں: 'خودکشی کے مناظر' دکھانے پر پیمرا کا جیو انٹرٹیمنٹ کو نوٹس

اس حوالے سے پاکستان ائیر فورس کی طرف سے پیمرا کو شکایت موصول ہوئی جس میں اس بے بنیاد الزام کی سختی سے تردید کرتے ہوئے کہا گیا کہ پروگرام کے میزبان فواد چوہدری، جو کہ مذکورہ اغواء کے معاملے میں ریاض حسین کے وکیل بھی ہیں، میڈیا کا ناجائز اور غلط استعمال کر رہے ہیں اور اپنے ایک موکل کے کیس کے لیے اپنے ہی ٹی وی پروگرام کو استعمال کرنا مفادات کا ٹکراؤ ہے، لہٰذا نیو ٹی وی اور مذکورہ میزبان کے خلاف پیمرا قوانین کے تحت کارروائی کی جائے۔

پیمرا کی جانب سے جاری پریس ریلیز میں کہا گیا کہ چینل کا یہ عمل پیمرا آرڈیننس 2002، پیمرا (ترمیمی) ایکٹ 2007 کے سیکشن 20(c)، پیمرا رولز 2009 کی شق 15(1) اور الیکٹرانک میڈیا ضابطہ اخلاق 2015 کی متعدد شقوں کے ساتھ لائسنس کے قوائد و ضوابط کی بھی صریحاً خلاف ورزی ہے۔

مزید پڑھیں: ہم جنس پرستی دکھانے پر ہم ٹی وی کو نوٹس

بیان میں کہا گیا کہ اس حوالے سے ’نیو ٹی وی‘ کو اظہار وجوہ کا نوٹس جاری کرتے ہوئے 3 اپریل تک جواب داخل کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔