لائف اسٹائل

'اداکاری نہیں لکھنے میں بہتر ہوں'

بولی وڈ اداکارہ اور مصنف ٹوئنکل کھنہ کو فلموں میں ناکامی حاصل کرنے پر کوئی افسوس نہیں۔

بولی وڈ اداکارہ ٹوئنکل کھنہ نے اپنے کیریئر کی شروعات اداکاری سے کی تھی، تاہم اب وہ اپنی بہترین کتابوں سے مداحوں کے دلوں پر راج کررہی ہیں۔

ٹوئنکل کھنہ سوشل میڈیا پر مسز فنی بونز کے نام سے مشہور ہیں، جنہیں کوئی افسوس نہیں کہ وہ بولی وڈ فلموں میں کامیابی حاصل نہ کرسکی۔

انڈین ایکسپریس کی رپورٹ کے مطابق جب اداکارہ سے سوال کیا گیا کہ انہیں اپنی اداکاری پر بہت زیادہ تعریفیں نہیں مل سکیں تو انہوں نے کہا کہ 'شاید میں لکھنے میں بہتر ہوں اس لیے، میں نے خود کو یہ سمجھایا کہ میرے پاس ایک ایسا کیریئر ہے جو زندگی بھر میرے ساتھ رہے گا'۔

مزید پڑھیں: ’زندگی میں صرف ٹوئنکل سے محبت ہوئی‘

معروف اداکاری راجیش کھنہ اور ڈمپل کپاڈیا کی بیٹی ٹوئنکل کھنہ 'برسات'، 'جب پیار کسی سے ہوتا ہے'، 'میلہ'، 'بادشاہ' اور 'جورو کا غلام' جیسی فلموں میں کام کرچکی ہیں۔

تاہم ان فلموں کے باوجود اداکاری میں اپنا نام بنانے میں ناکام ہوکر انہوں نے اپنے کیریئر کو انٹیریئر ڈیزائنگ کی جانب موڑ دیا۔

انہوں بہترین مصنف ہونے کا اعزاز اس وقت ملا جب ان کے ایک اخبار میں شائع ہونے والے کالم مقبول ہوئے۔

تاہم اداکارہ اپنے کیریئر کو لے کر کافی مطمئن ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: طاہر شاہ کے مداح ٹوئنکل کھنہ سے ناراض

انہوں نے کہا 'آج میں جہاں ہوں اسے دیکھتے ہوئے مجھے ایسا لگتا ہے کہ میں بےحد مطمئن ہوں'۔

ٹوئنکل کھنہ کے شوہر اکشے کمار کا شمار بھی بولی وڈ کے کامیاب اداکاروں میں کیا جاتا رہا ہے۔

اپنے شوہر کے ساتھ کسی فلم میں جلوہ گر نہ ہونے کے سوال پر انہوں نے کہا کہ 'جس کام میں، میں اچھی ہی نہیں وہ سوال پوچھنے کا فائدہ ہی کیا ہے'۔