برطانیہ کی یورپی یونین سے علیحدگی کا 2 سالہ عمل شروع
تھریسا مے کی جانب سے دستخط کردہ بریگزٹ خط یورپی یونین کے صدر ڈونلڈ ٹسک کے حوالے کردیا گیا۔
لندن: برطانیہ کی یورپی یونین سے علیحدگی کا عمل شروع ہوگیا جسے مکمل ہونے میں تقریباً 2 سال کا عرصہ لگے گا۔
برطانوی وزیراعظم تھریسا مے کی جانب سے برطانیہ کے یورپی یونین سے انخلاء کا عمل شروع کرنے کے حوالے سے لکھے گئے خط کو یورپی یونین کے صدر ڈونلڈ ٹسک کے حوالے کردیا گیا جس کے بعد بریگزٹ کا عمل باضابطہ طور پر شروع ہوگیا۔
برطانوی خبر رساں ایجنسی رائٹرز کے مطابق برطانوی وزیراعظم تھریسا مے نے آئین کے آرٹیکل 50 کے تحت حاصل اختیارات کو استعمال کرتے ہوئے بریگزٹ کا عمل شروع کیا۔
خط میں برطانیہ کی جانب سے یورپی یونین کو باضابطہ طور پر مطلع کیا گیا کہ برطانیہ واقعی یورپی بلاک سے علیحدگی اختیار کرنا چاہتا ہے جس میں وہ 1973 میں شامل ہوا تھا۔