آرمی چیف کی شہید فوجی افسر کے اہل خانہ سے ملاقات
راولپنڈی: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے اورکزئی ایجنسی میں مادر وطن کی حفاظت کرتے ہوئے اپنی جان قربان کرنے والے میجر مدثر کے اہل خانہ سے ملاقات کے دوران ان سے تعزیت کی۔
والدین اور بیوہ نے وطن عزیز کے لیے جان قربان کرنے پر شہید میجر مدثر کے اہل خانہ ہونے پر فخر کا اظہار کیا۔
آرمی چیف نے ان کے جذبہ حب الوطنی کو سراہاتے ہوئے کہا کہ جب یہاں ایسے بہادر والدین اور خاندان موجود ہوں تو پاکستان کو کوئی نقصان نہیں پہنچا سکتا۔
علاوہ ازیں آرمی چیف نے بہاولپور کا دورہ کیا اور یہاں واقع کمبائنڈ ملٹری ہسپتال میں میڈیکل کالج کا افتتاح کیا۔
اس ادارے کو ڈیفنس ہاؤسنگ اتھارٹی نے تعمیر کیا تھا اور ڈی ایچ اے حکام کے مطابق یہاں ایم بی بی ایس اور دانتوں کے امراض سے متعلق کورسز کے لیے 150 طلباء کو داخلہ فراہم کیا جائے گا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق اس سے قبل، آرمی چیف نے بہاولپور گیریژن کا دورہ کیا جہاں انھیں فورسز کی آپریشنل تیاریوں پر بریفنگ دی گئی۔
اس موقع پر جنرل قمر جاوید باجوہ نے علاقے میں سیکیورٹی اقدامات اور آپریشنل تیاریوں پر اپنے اطمینان کا اظہار کیا۔