شیخوپورہ: ٹرین اور آئل ٹینکر میں تصادم، 2 افراد ہلاک
لاہور: صوبہ پنجاب کے علاقے شیخوپورہ میں ہرن مینار کے قریب مسافر ٹرین اور آئل ٹینکر کے درمیان تصادم کے بعد ٹرین کی پہلی پانچ بوگیوں میں آگ بھڑک اٹھی، جس کے نتیجے میں ٹرین ڈرائیور سمیت 2 افراد ہلاک جبکہ 10 مسافر زخمی ہوگئے۔
ڈان نیوز کے مطابق حادثے کا شکار ہونے والی شالیمار ایکسپریس لاہور سے کراچی جارہی تھی۔
حادثے کے فوری بعد مسافروں کو نکالنے کے لیے امدادی سرگرمیوں شروع کی گئیں اور فائر بریگیڈ کے عملے نے آگ پر قابو پانے کے عمل کا آغاز کیا۔
وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے حادثے کے حوالے سے بتایا کہ واقعے میں ٹرین ڈرائیور سمیت 2 افراد ہلاک اور 10 مسافر زخمی ہوئے۔
وزیر ریلوے نے بتایا کہ 6 زخمیوں کو معمولی زخم آئے تھے جنھیں ابتدائی طبی امداد کے بعد ہسپتال سے ڈسچارج کردیا گیا جبکہ 4 مسافروں تاحال زیر علاج ہیں جن میں سے 2 کی حالت نتشویشناک بتائی گئی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ آئل ٹینکر کا ایکسل ریل کی پٹری پر خراب ہو گیا تھا جس کی وجہ سے حادثہ پیش آیا۔
خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ ٹرین کے متاثرہ مسافروں کو متبادل ٹرینوں کے ذریعے کراچی منتقل کیا جائے گا۔
انھوں نے مزید کہا کہ حادثے کی تحقیقات کی جائیں گی اور ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
ایک سوال کے جواب میں خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ فوری طور پر حادثے کے بعد ریسکیو کیے جانے والے مسافروں کی حتمی تعداد کے بارے میں معلومات نہیں مل سکی ہیں۔
اس سے قبل ترجمان پاکستان ریلوے نجم ولی خان نے ڈان نیوز سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا تھا کہ حادثے کے نتیجے میں ٹرین کی پہلی 3 بوگیوں میں آگ لگی تھی جبکہ ان سے منسلک دیگر دو بوگیاں معمولی متاثر ہوئیں تھی۔
یہ بھی پڑھیں: اوکاڑہ: رکشہ ٹرین کی زد میں آنے سے 4 افراد جاں بحق
ان کا کہنا تھا کہ امدادی سرگرمیوں کیلئے ریلوے، مقامی انتظامیہ اور دیگر ریسکیو ذرائع کو فوری طور پر طلب کیا گیا۔
ایک سوال کے جواب میں ترجمان کا کہنا تھا کہ آگ، پیٹرول اور دیگر کیمیکل کے باعث لگی ہے جس پر قابو پانے کی کوشش کی جارہی ہے۔
اس سے قبل سرکاری ذرائع نے ڈان نیوز کو ایک شخص کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا تھا کہ حادثے میں 6 مسافر زخمی بھی ہوئے ہیں۔