کھیل

'ورلڈکپ 1992، فائنل کا ہر لمحہ آج تک یاد ہے'

25 مارچ میرے لیے اور تمام پاکستانیوں کے لیے ایک بڑا دن ہے، آج کے دن ہم نے ورلڈ کپ جیتا:وسیم اکرم

پاکستان کو کرکٹ کی دنیا میں پہلی مرتبہ چمپیئن بنے 25 سال کا گزر چکا ہے تاہم فائنل میں فتح سمیٹنے والے اسٹارز کا کہنا ہے کہ انھیں اس میچ کا ہر لمحہ آج بھی یاد ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے ٹیم کے چمپیئن بننے کے 25 سال مکمل ہونے پر ورلڈکپ 1992 کے بہترین کھلاڑی وسیم اکرم سمیت چند کھلاڑیوں اور چیئرمین شہریارخان کے تاثرات پر مبنی ویڈیو جاری کردی ہے۔

وسیم اکرم

پاکستانی ٹیم کے سابق کپتان اور عظیم باؤلر وسیم اکرم کا کہنا تھا کہ'میں آج تک ایک میچ کبھی نہیں بھول نہیں پایا وہ ہے 1992 ورلڈ کپ کا فائنل جو آج کے دن تھا اور میری خوشی کا ٹھکانہ نہیں ہے، 25 سال ہوگئے لیکن مجھے ایسے یاد ہے جیسے کل ہوا تھا'۔

25 مارچ میرے لیے اور تمام پاکستانیوں کے لیے جنھوں نے ورلڈکپ 1992 دیکھا ان کے لیے ایک بڑا دن ہے آج کے دن ہم نے ورلڈ کپ جیتا'۔

مشتاق احمد

ورلڈکپ 1992 میں 16 وکٹیں حاصل کرنے والے اسٹار اسپنر مشتاق احمد کا کہنا تھا کہ 'میں نے فائنل میں تین وکٹیں حاصل کی تھیں اس کو لوگ آج بھی یاد کرتے ہیں اور کہتے ہیں کہ آپ کا وہ بھاگنے والا ایکشن بہت پسند ہے'۔

مشتاق احمد کا کہنا تھا کہ 'مجھے یاد ہے کہ گراہم ہک فارم میں تھے جبکہ عمران بھائی نے دو تین پہلے ہی ٹیم میٹنگ میں کہہ دیا تھا کہ گراہم ہک کے لیے میں تمھیں لاؤں گا اور ان کو آؤٹ تم ہی کروگے تو میں نے گگلی کی وہ گگلی آج بھی مشہور ہے'۔

انضمام الحق

نیوزی لینڈ کے خلاف سیمی فائنل کے مین آف دی میچ انضمام الحق نے ورلڈکپ کو پاکستان کرکٹ کی سب سے بڑی فتح قرار دے دی۔

انضمام الحق نے کہا کہ 'یہ پاکستان کرکٹ کی سب سے بڑی فتح ہے، میں مین آف دی میچ ہوا وہ لمحہ بھی میرے لیے بہت بڑا تھا جس کے بعد فائنل جیتے'۔

ان کا کہنا تھا کہ 'فائنل جیتنے سے بڑی کوئی چیز نہیں تھی لیکن ہماری ٹیم میں اتفاق تھا اور کپتان خان کا اپنے کھلاڑیوں پر اعتماد ناقابل یقین تھا '۔

انضمام الحق کا کہنا تھا کہ ڈومیسٹک کرکٹ اور وکٹوں کے معیار کو بہتر بنا کر پاکستان کو پھر سے عالمی چیمپین بنایا جاسکتا ہے۔

معین خان

معین خان ورلڈ 1992 میں پاکستانی ٹیم کے نوجوان وکٹ کیپر تھے اور ٹیم کی جیت میں ان کا کردار بھی اہم تھا اسی لیے وہ آج تک اس فتح کو بھول نہیں پائے ہیں۔

معین خان کا کہنا ہے کہ 'یقیناً اس وقت 25 سال ہوچکے ہیں لیکن وہ یادیں ہمارے ذہنوں میں ہمیشہ تازہ رہتی ہیں'۔

ان کا کہنا تھا کہ 'بالخصوص ہم نے تماشائیوں کی اتنی بڑی تعداد کے سامنے ہم نے فائنل جیتا اور پہلا ورلڈ کپ اور یادگار ترین میچ تھا وہ فائنل ہی تھا'۔

چیئرمین پی سی بی شہریار خان

چیئرمین پی سی بی شہریار خان نے کہا کہ 'اب ہماری کوشش یہ ہے کہ 25 سال کے بعد اس اسپرٹ کو اجاگر کیا جائے کہ ہم کسی سے کم نہیں ہیں اور 1992 کو مثال بنا کر ہم آگے بڑھیں'۔